vf twitter 30062015

فیس بک، میسنجر کا ٹوئٹر اکاؤنٹ ہیک

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر نے فیس بک اور میسنجر کے ٹوئٹر اکاؤنٹس ہیک ہونے کی تصدیق کردی۔

ٹوئٹر کے ترجمان نے ای میل کیے گئے بیان میں کہا کہ اکاؤنٹس تھرڈ پارٹی پلیٹ فارم کی جانب سے ہیک کیے گئے تھے۔

ترجمان ٹوئٹر نے کہا کہ ہمیں جیسے ہی اس مسئلے کا علم ہوا ہم نے اکاؤنٹس کو بند کیا اور ہم فیس بک میں موجود شراکت داروں کے ساتھ مل کر ان اکاؤنٹس کی بحالی کے لیے کام کررہے ہیں۔

دوسری جانب فیس بک نے بھی تصدیق کی کہ گزشتہ روز ان کے آفیشل سوشل میڈیا اکاؤنٹس ہیک ہوگئے تھے۔

مزید پڑھیں:  پاکستان سمیت دنیا بھر میں تھیٹر کا عالمی دن

فیس بک کے ترجمان جوئے اوسبرن نے کہا کہ ہمارے کچھ کارپوریٹ اکاؤنٹس مختصر وقت کے لیے ہیک ہوگئے تھے لیکن ہم نے انہیں محفوظ کرلیا اور ان تک رسائی بحال کردی۔

خیال رہے کہ گزشتہ برس اگست میں ہیکرز نے ٹوئٹر کے شریک بانی اور چیف ایگزیکٹو افسر (سی ای او) جیک ڈورسی کا اکاؤنٹ ہیک کرلیا تھا۔

جیک ڈورسی کا ٹوئٹر اکاؤنٹ ‘چکلنگ اسکواڈ’ نامی گروپ نے ہیک کیا تھا جس کے بعد انہوں نے جیک کے اکاؤنٹ سے نامناسب ٹوئٹس شیئر کی تھیں۔

جیک ڈورسی کے ٹوئٹر اکاؤنٹ کو 42 لاکھ سے زائد صارفین فالو کر رہے ہیں جبکہ وہ خود 4 ہزار سے زائد اکاؤنٹس کو فالو کرتے ہیں۔

مزید پڑھیں:  پاکستان سمیت دنیا بھر میں تھیٹر کا عالمی دن

ہیکرز نے تقریباً 15منٹ تک جیک ڈورسی کے اکاؤنٹ پر قابل اعتراض اور اشتعال انگیز ٹوئٹس کی تھیں۔

اس سے قبل گزشتہ برس جون میں بھارتی اداکار امیتابھ بچن کا ٹوئٹر اکاؤنٹ کو ہیک کر کے پاکستان کے وزیراعظم عمران خان کی تصویر لگادی گئی تھی اور پاکستان سے محبت کا پیغام بھی دیا گیا تھا۔

امیتابھ بچن کے اکاؤنٹ کو ترکی سے تعلق رکھنے والے ہیکر نے ہیک کیا تھا۔