11748 0

زیادہ ذہین افراد طویل عرصے تک زندہ رہتے ہیں

اسکاٹ لینڈ: ماہرین کا کہنا ہے کہ ذہین افراد دیگر افراد کے مقابلے میں زیادہ طویل عرصے تک زندگی پاسکتے ہیں جس کا مطلب یہ ہے کہ زیادہ آئی کیو والے افراد 80 سال تک کی عمر پاسکتے ہیں۔

یونیورسٹی آف ایڈنبرا کے ایان ڈیئری اور ان کے ساتھیوں نے ایک تحقیق کی ہے جس میں اسکاٹ لینڈ کے 65 ہزار سے زائد افراد سے سروے کیا گیا جس میں 1936 کے عشرے کے آس پاس پیدا ہونے والے افراد کا 11 برس کی عمر میں آئی کیو ٹیسٹ کیا گیا اور پھر 68 سال بعد دوبارہ ان افراد کی صحت کا جائزہ لیا گیا ۔

ماہرین نے مشاہدہ کیا کہ جن افراد کا آئی کیو دیگر کے مقابلے میں زیادہ بلند تھا انہیں مہلک امراض کا سامنا کم ہوا، یعنی زیادہ آئی کیو کے حامل بچوں میں عمر کے ساتھ ساتھ سانسوں کے امراض کا خدشہ 28 فیصد کم، دل کے امراض کا خطرہ 25 فیصد کم جب کہ فالج سے مرنے کا خطرہ 24 فیصد کم تھا۔

مزید پڑھیں:  رات کی نیند اور چلنے کے انداز کے درمیان تعلق

تحقیق میں اس بات کا انکشاف ہوا کہ زیادہ آئی کیو والے افراد 80 سال تک کی عمر پاسکتے ہیں جب کہ انہی ذہین افراد میں چوٹ لگنے، ہاضمے کے امراض اور ڈیمنشیا سے متاثر ہوکر مرنے کا تناسب بھی کم تھا یہاں تک کہ ان کے معاشی اور سماجی پہلوؤں کو مدِ نظر رکھا گیا اور اس کے باوجود وہ ان کیفیات سے دور رہے۔

مزید پڑھیں:  رات کی نیند اور چلنے کے انداز کے درمیان تعلق

ڈاکٹر ایان کے مطابق ذہین افراد کی طویل العمری کی کئی وجوہ ہوسکتی ہیں، ایک تو وہ خود اپنا بہت خیال رکھتے ہیں اور صحت کے امور سے آگاہ ہوتےہیں۔ دوسری جانب وہ سگریٹ نوشی اور دیگر مضر عادتوں سے دور رہتے ہیں اور بیمار ہونے کی صورت میں فوری طور پر ڈاکٹر سے رابطہ کرتے ہیں۔

ماہرین اس سے اتفاق کرتے ہیں کہ اس کی جینیاتی وجوہ بھی ہوسکتی ہیں۔ حال ہی میں ایک بین الاقوامی تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ ذہانت میں کمی کی جینیاتی وجوہ بھی ہوتی ہیں اور اس کیفیت کا تعلق مختلف امراض سے بھی ہوسکتا ہے۔

کیٹاگری میں : صحت