1 37

قبضہ مافیا کے ہاتھوں قدیم سخی چشمہ کی مسماری کاعمل جاری

پشاور(صابر شاہ ہوتی) قبضہ مافیا سرگرم شامی روڈ پشاور میںقدیم سخی چشمہ کی مسماری کا عمل شروع کر دیا گیا، 1850ء سے قائم چشمہ اہل پشاور کی عوامی زندگی کا اہم اور انمول حصہ تھا، چشمہ میں پشاور شہر اور نواحی علاقوں کے لوگ سوئمنگ کے لئے آتے تھے جسکا شمار پشاور کی ثقافت میں ہوتا تھا یہ ایک وسیع اراضی تھی یہاں پر اتنی آبادی نہیں تھی لیکن پھر رفتہ رفتہ یہاں گھر بننا شروع ہو گئے اور لوگوں نے قبضے کرنا شروع کر دئیے جس کی زد میں چشمہ کی دیواریں جو 1923میں تعمیر ہو ئی تھیں آگئیں،کہا جا رہا ہے چشمہ کی چاردیوار ی کوگرایا گیا۔قبضہ مافیا کی جانب سے چند روز سے چشمہ کی مسماری شروع کی گئی ہے اور آہستہ آہستہ اینٹیں نکالی جا رہی ہیں تاکہ حکومتی آنکھ سے محفوظ رہا جا سکے، مقامی آبادی کے مکینوں جنہوں نے عارضی طور پر حکومتی اراضی پر گھر تعمیر کئے ہیں ان کے مطابق کئی عرصہ سے چند عناصر اس زمین کی ملکیت کے دعویدار ہیں اوراس کے پیچھے پڑے ہو ئے ہیں اور ان کو یہاں سے جانے کے لئے دھمکیاں بھی دی جارہی ہیں اور اب باقاعدہ طور پر مافیا کی جانب سے مسماری کا عمل شروع کر دیا گیا ہے جس کی زد میں تاریخی سخی چشمہ بھی آگیا ہے اور ساتھ ہی ایک عوامی یادگار حالت نزاع تک پہنچ گئی ہے ۔ علاقہ عمائدین نے مطالبہ کیا ہے کہ سخی چشمہ کی مسماری کا عمل روکا جائے اور چشمہ کی صفائی کر کے پہلے کی طرح اسے فعال بنا یا جائے۔

مزید پڑھیں:  سینیٹ الیکشن، خیبرپختونخوا سے 7 امیدواروں نے کاغذات واپس لے لیے، الیکشن کمیشن