images 8

پاکستان کھیلوں کےلئے ایک محفوظ ملک ہے

اسلام آباد : وفاقی سیکرٹری اطلاعات و نشریات اکبر حسین درانی نے کہا ہے کہ کھیلوں کے حوالہ سے پاکستان ایک محفوظ ملک ہے اور انٹرنیشنل کھلاڑیوں کا پاکستان آکر کھیلنا بڑے فخر کی بات ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو پی ٹی ایف ٹینس کمپلیکس اسلام آباد میں دلاور عباس عالمی جونیئر ٹینس چیمپئن شپ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر پاکستان ٹینس فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل کرنل (ر) گل الرحمن، اسلام آباد ٹینس ایسوسی ایشن کے صدر طارق مرتضیٰ، سیکرٹری عارف قریشی اور ٹورنامنٹ ڈائریکٹر خلیل احمد کے علاوہ شائقین کی تعداد بھی موجود تھی۔ اکبر حسین درانی نے انٹرنیشنل ٹینس ایونٹ کے کامیاب انعقاد پر ٹورنامنٹ آرگنائزر کی تعریف کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ بہت خوش آئند بات ہے کہ اتنی زیادہ تعداد میں غیر ملکی کھلاڑی پاکستان آکر کھیل رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کھیلوں کےلئے ایک پرامن اور محفوظ ملک ہے اس کی عوام غیر ملکی کھلاڑی سے بے پناہ محبت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل کے میچز کراچی، لاہور، ملتان اور راولپنڈی میں کھیلے جا رہے ہیں جس میں بھی بڑی تعداد میں غیرملکی کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں اور اس کے علاوہ عالمی کبڈی کپ کا انعقاد بھی بہت کامیاب ہوا جس میں پاکستان نے اپنی سرزمین پر چیمپئن ہونے کا اعزاز حاصل کیا۔ اکبر حسین درانی نے کہا کہ غیر ملکی کھلاڑیوں کا پاکستان آ کر کھیلنا ہمارے لئے بڑے فخر کی بات ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی ہے کہ دوسری سپورٹس تنظیمیں بھی پاکستان میں انٹرنیشنل کھیلوں کے مقابلے کامیابی کے ساتھ منعقد کرائیں گی۔ آخر پر انہوں چیمپئن شپ شرکت کرنے والے کھلاڑی کی تعریف کرتے ہوتے کہا کہ پاکستان میں کھیلوں کے ٹیلنٹ کی کمی نہیں اور یہ کھلاڑی انٹرنیشنل سطح پر ملک کا نام روشن کر رہے ہیں۔ چیمپئن شپ میں پاکستان سمیت دنیا بھر سے 18 غیر ملکی مرد اور خواتین کھلاڑی حصہ لے رہی ہیں جن میں ہانگ کانگ، آسٹریا، روس، ترکی، تائیوان، برطانیہ، رومانیہ، نیپال، چین، ایران، تیونس، قزاخستان، امریکہ، ملائیشیا، کوریا، سری لنکا اور یونان شامل ہیں۔ ایونٹ میں 27 بوائز اور 15 لڑکیاں حصہ لے رہی ہیں۔

مزید پڑھیں:  سفارشی کے طعنے نے ہمیشہ پریشان کیا،شان مسعود