unnamed 1 1

آئی ایم ایف سے جن شرائط پر قرضہ لیا گیا وہ معیشت کیلئے زہرقاتل ہیں ،حیدر ہوتی

مردان ( بیورو رپورٹ) عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی سینئر نائب صدر امیرحیدرخان ہوتی نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت گذشتہ ڈیڑھ سال سے انکے حلقے کے عوام کو کس چیز کی سزا دے رہی ہے ، کیایہاں کی عوام پاکستانی نہیں؟ یہاں کے وسائل میں ان کا کوئی حق نہیں؟ ترقیاتی کاموں میں امتیازی سلوک صرف اس لئے کیا جارہا ہے کیونکہ یہاں سے وہ قومی اسمبلی کے رکن ہیں۔مردان بجلی گھر توحید کالونی میں شمولیتی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے اے این پی کے مرکز ی سینئر نائب صدر امیرحیدرخان ہوتی نے کہا کہ عوامی نیشنل پارٹی نے اپنے دور حکومت میں کسی بھی سیاسی تفریق سے بالاتر عوام کی خدمت کی ہے، آج صوبائی اسمبلی کا جو ماحول ہے، ہمیں فخر ہیں کہ اے این پی کے وزیراعلیٰ کے سامنے کسی بھی جماعت کے رکن نے اس طرح کا رویہ نہیں اپنایا کیونکہ ہم عوامی خدمت پر یقین رکھتے ہیں اور سیاسی بنیادوں پر ترقیاتی کام کرنے یا کروانے کے مخالف رہے ہیں۔آج صوبائی حکومت جس طرح اپوزیشن جماعتوں سے تعلق رکھنے والے اراکین کے حلقوں کے ساتھ امتیازی سلوک روا رکھ رہی ہے، ہم نے کبھی نہیں رکھا بلکہ اس طرح کی سیاسی سوچ کی مذمت کرتے ہیں۔اے این پی دورحکومت پر تنقید کرنے والے بھول گئے ہیں کہ اس صوبے میںجتنے ترقیاتی کام ہوئے، ہم چیلنج کرتے ہیں کہ کوئی دوسرا اتنا کرکے دکھائے۔آج یونیورسٹیوں کو شدید مالی بحران کا سامنا ہے، بے روزگاری خطرناک صورتحال اختیار کرچکی ہے لیکن ہمارے سلیکٹڈ وزیراعظم صاحب کہتے ہیں کہ گھبرانا نہیں۔امیرحیدرخان ہوتی نے کہا کہ اقتدار سے پہلے کیا کچھ دعوے نہیں کئے گئے لیکن صرف ڈیڑھ سال کا عرصہ گزرجانے کے بعد اس نااہل حکومت کی ناقص پالیسیوں کے باعث عوام ایک وقت کی روٹی کو ترس رہے ہیں۔ہم سیاست میں شائستگی کے قائل ہیں اسلئے مخالفین پر تنقید برائے تنقید نہیں کریں گے لیکن یہ ضرور کہیں گے کہ اے این پی پر کرپشن کے بے بنیاد الزامات لگانے والے خود ایک دوسرے کو کرپٹ کہہ رہے ہیں،وزیراعلیٰ پر وزراء الزامات لگا رہے ہیں، وزیراعظم اپنے خلاف سازش کی فریاد کررہا ہے کہ چینی اور آٹے کا بحران خودساختہ ہے لیکن انہیں نظر نہیں آرہا کہ جو ان کے آگے پیچھے ،دائیں بائیں بیٹھے ہیں وہی مافیا ہے۔مہنگائی بڑھ رہی ہے لیکن عمران خان کی دور حکومت میں عوام رُل رہے ہیں جبکہ انکے اپنے ایک دوست کی آمدن اربوں روپے بڑھ گئی ہے۔ امیرحیدرخان ہوتی نے کہا کہ اپنے دوستوں کو نوازنے کیلئے عوام کا گلا دبایا جاچکا ہے،قرض لینے پر خودکشی کرنیوالا عمران خان بھول گیا ہے کہ وہ خود کشکول نہیں پوری چادر لے کر دنیا بھر میں بھیک مانگ رہا ہے،آئی ایم ایف سے جن شرائط پر قرضہ لیا گیا وہ عوام اور پاکستان کی معیشت کیلئے زہرقاتل ہیں ۔

مزید پڑھیں:  بشریٰ بی بی کو کچھ ہوا تو ذمہ دار مریم نواز اور شہباز شریف ہونگے، بیرسٹر سیف