پاکستان سپر لیگ 2020 شیڈول کے مطابق جاری رہے گی، پی سی بی

اسلام آباد:ایچ بی ایل پی ایس ایل 2020 شیڈول کے مطابق جاری رہے گی۔کراچی،13مارچ2020:پاکستان کرکٹ بورڈ نے جمعہ کے روز معمول کے مطابق تمام ٹیموں کے مالکان سے کانفرنس کال پر رابطہ کیا، جس میں مندرجہ ذیل نکات پر اتفاق کیا گیا ہے: ایچ بی ایل پی ایس ایل 2020 شیڈول کے مطابق جاری رہے گی۔ لہذا ملتان سلطانز اور پشاور زلمی کاشیڈول میچ آج رات 8 بجے نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں شروع ہوگا۔ یہ میچ بند دروازوں میں کھیلا جائے گا، جہاں صرف پی سی بی سے منظور شدہ مخصوص افراد کو شرکت کی اجازت ہوگی۔ تمام کھلاڑیوں اور اسپورٹ اسٹاف کو خواہش کے مطابق ایچ بی ایل پی ایس ایل 2020 سے دستبردار ہونے کی اجازت دے دی گئی۔ اب تک مندرجہ ذیل کھلاڑیوں نے ایچ بی ایل پی ایس ایل 2020 چھوڑ کر جانے کی تصدیق کردی ہے:کراچی کنگز: ایلکس ہیلزملتان سلطانز: رائیلی روسو اور جیمز ونس پشاور زلمی: ٹام بنٹن، کارلوس بریتھ ویٹ، لیام ڈاسن، جیمز فوسٹر (کوچ)، لوئس گریگری اور لیام لیونگ اسٹونکوئٹہ گلیڈ ایٹرز: جیسن رائے اور ٹائمل ملز قانون کے مطابق تمام ٹیموں کو متبادل کھلاڑیوں کے انتخاب کی اجازت ہوگی، جس کی منظوری ایونٹ ٹیکنکل کمیٹی دے گی۔ پی سی بی اس ضمن میں صورتحال کا باقاعدگی سے جائزہ لیتا رہے گا،اور اس دوران وہ تمام ٹیموں کے مالکان سے رابطے میں رہے گا۔ تاحال کسی کھلاڑی کا کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت نہیں آیا۔ تاحال پاکستان کپ اور بنگلہ دیش کے خلاف سیریز سے متعلق کوئی تبادلہ خیال نہیں کیا گیا۔چیف ایگزیکٹو پی سی بی وسیم خان کا کہنا ہے کہ موجودہ حالات میں صورتحال مسلسل تبدیل ہورہی ہے ،جس پر مسلسل نظر رکھنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہاکہ آج پی سی بی اور تمام ٹیموں کے مالکان نے اپنی ذمہ داری کا احساس کرتے ہوئے تمام کھلاڑیوں کو اپنی مرضی سے لیگ چھوڑنے کی اجازت دے دی ہے، کیونکہ کھلاڑیوں کااعتماد اور یقین پی سی بی کے لیے سب سے اہم ہے۔ چیف ایگزیکٹو پی سی بی نے مزید کہاکہ وہ یہ واضح کرنا چاہتے ہیں کہ فی الحال 10 کھلاڑیوں اور ایک کوچ کی جانب سے لیگ چھوڑنے کا فیصلہ اس لیے لیا گیا ہے کہ انہیں مستقبل میں فلائیٹ آپریشن معطل ہونے یا اپنے ممالک کے بارڈر بند ہونے کا خطرہ ہے۔وسیم خان نے کہاکہ پی سی بی ان تمام کھلاڑیوں کی بحفاظت واپسی کو یقینی بنائے گا، دیگر کھلاڑیوں اور اسپورٹ اسٹاف کے لیے بھی یہی پروٹوکول اپنایا جائے گا۔انہوں نے کہاکہ ماضی کی طرح پی سی بی صورتحال کا مسلسل جائزہ لیتا رہے گا ،اور ایونٹ کے شرکا کی حفاظت اور صحت سے متعلق کوئی بھی فیصلہ کرنے سے ہچکچاہٹ کا مظاہرہ نہیں کرے گا۔