مایا علی والد کی یاد میں بھائی کی شادی کے بعد آبدیدہ ہو گئی

کراچی: پاکستان کی نامور اداکارہ مایا علی کے بھائی کی شادی گزشتہ ماہ کراچی میں دھوم دھام سے منعقد ہوئی جس کی تصاویر اور ویڈیوز بھی سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہوئیں۔ اداکارہ نے خود بھی اپنے بھائی کی شادی کی ہر تقریب کی تصاویر اپنے سوشل میڈیا اکاونٹ پر مداحوں کے ساتھ شیئر کی۔جہاں لوگوں کو دلہا دلہن کی جوڑی پسند آئی وہیں مایا علی کے مداحوں نے ان کے بہترین انداز کی تعریف بھی کی۔ اور اب شادی ختم ہونے کے ایک ماہ بعد مایا علی نے ایک مرتبہ پھر بھائی کی بارات کے دوران لی گئی اپنی چند تصاویر انسٹاگرام پر پوسٹ کی جس میں وہ اپنے والد کو یاد کرکے آبدیدہ ہوگئیں۔ مایا علی کے والد کا انتقال 2016 میں ہوا تھا، جن کو یاد کرتے ہوئے اداکارہ نے انسٹاگرام پر ایک پوسٹ جاری کردی۔ مایا علی نے لکھا کہ شادی وہ لمحہ ہوتا ہے جہاں سب ایک دوسرے کے ساتھ موجود ہوتے ہیں اور خوشیاں مناتے ہیں لیکن بابا آپ کہیں نہیں تھے، میں نے آپ کو بہت ڈھونڈا، لیکن آپ مجھے گلے لگانے کے لیے وہاں موجود نہیں تھے، اس وقت مجھے حقیقت کا اندازہ ہوا۔ اداکارہ کے مطابق میرے قریب سب سے صرف آپ نہیں تھے بابا، اللہ آپ کو جنت میں اعلیٰ مقام عطا کرے۔ انہوں نے اپنی پوسٹ میں والدہ کے لیے بھی لکھا کہ وہ ان سے بےحد محبت کرتی ہیں۔