کورونا کی صورتحال پرملک بھر میں فوج تعینات

اسلام اباد: کورونا وائرس کے خطرات کے باعث وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، چاروں صوبوں اور آزاد کشمیر سمیت ملک بھر میں فوج کو طلب کر لیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے نافذ کیے گئے لاک ڈاؤن پر سختی سے عملدرآمد کروانے کے لیے ملک بھر میں فوج کو طلب کر لیا گیا ہے۔

وزارت داخلہ نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، چاروں صوبوں اور آزاد کشمیر سمیت ملک بھر میں فوج کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔
آرٹیکل245 کے تحت اسلام آباد میں فوج کو طلب کیا گیا ہے، فوج کی تعیناتی ضلعی انتظامیہ کی درخواست پر کی گئی ہے۔
چیف کمشنر اسلام آباد کی درخواست پر وزارت داخلہ نے فوج بلانے کی منظوری دی جب کہ سول انتظامیہ کی مدد کے لیے آزادکشمیر، گلگت بلتستان سمیت ملک بھر میں پاک فوج کو طلب کیا گیا ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق وزارت داخلہ کی جانب سے پاک فوج سول انتظامیہ کی مدد کےلیے تعینات کردی گئی ہے۔
یاد رہے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باوجوہ نے پاک افواج کو سول انتظامیہ کی امداد تیز کرنے کی ہدایات کرتے ہوئے تمام جوانوں اور طبی وسائل کو مختصر نوٹس پر تیار رہنے کا ٹاسک دیا تھا۔