پاکستان کا پہلا ورچوئل فیشن شو عید سے پہلے منعقد کیا جائے گا۔

ویب ڈسک : پاکستان کا پہلا ورچوئل فیشن شو عید سے پہلے منعقد کیا جائے گا جس میں کم از کم 20 ڈیزائنر شرکت کریں گے۔ طبی عملے کو خراج تحسین پیش کرنے کی غرض سے اس کا نام کیٹ واک کیئرز تجویز کیا گیا ہے۔

سابق ماڈل فریحہ الطاف نے وبا کے دنوں میں اس فیشن شو کی زمہ واری اٹھائی ہے۔ اپنی نوعیت کے اس منفرد فیشن شو میں تمام شرکا ڈیجیٹل شو روم سے اپنے ملبوسات پیش کریں گے۔ اس کا انعقاد مئی کے آخر میں ہو گا۔

پاکستان کی معروف ماڈلز اپنے کچن ، گارڈن اور رہائشی کمروں کو پاکستان کے پہلے ورچوئل فیشن شو میں کیٹ واک کیلئے رن وے بنانے کیلئے تیار ہیں۔

سابقہ ماڈل اور کیٹ واک ایونٹس کی سی ای او فریحہ الطاف پاکستان میں ورچوئل شو متعارف کروارہی ہیں جس میں عیدالفطرکی تازہ کلیکشن پیش کی جائے گی،پاکستان کے 20 معروف فیشن ڈیزائنرزکے ساتھ کیٹ واک کئیرزنامی اس شو میں ہرڈیزائنر کے 2 یا 3 ملبوسات کی نمائش کی جائے گی۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فریحہ الطاف نے بتایا ہرڈیزائنر ٹی سی ایس کے ذریعے اپنی پسندیدہ ماڈل کو3 ڈریسز بھیجے گا اور میں پہلے سے ریکارڈ شدہ ویڈیو کے ساتھ ہدایات دوں گی۔ فریحہ نے وضاحت کی کہ ویڈیو میں ماڈلز کو اپنے گھروں کے پرسکون جگہ کا انتخاب کرتے ہوئے اسے رن وے میں بدلنے کا کہا جائے گا جبکہ ایک علیحدہ ویڈیو میں کیمرہ سیٹنگ، زاویہ اور لائٹنگ کی تفصیلات بتائی جائے گی۔

اب تک جو فیشن ڈیزائنر اس شو میں شرکت کی تصدیق کر چکے ہیں ان میں حسن شہریار یاسین، عاصم جوفا، ثانیہ مستاکیا، خدیجہ شاہ (ایلان) شمعون سلطان (کھاڈی)، ہما اینڈ عامر عدنان، فراز منان، شہلا چتور، ماہین کریم، نومی انصاری، عمر فاروق، علی ذیشان، اسماعیل فرید، شمائل انصاری، سونیا باٹلا اور ندا ازویر شامل ہیں۔

منتظمین کے مطابق اس فیشن شو کا مقصد وبا کا دن رات مقابلہ کرنے والے اگلے محاذ کے طبی عملے اور رضاکاروں کی خدمات کا اعتراف اور انھیں خراج تحسین پیش کرنا ہے۔ فریحہ الطاف کوشش کر رہی ہیں کہ اس فیشن شو کے لیے مختلف اسپانسرز کو بھی ساتھ ملائیں تاکہ نقد عطیات کا بھی انتظام ہو جائے۔

ہر ڈیزائنر کے ملبوسات کو ایک ٹاپ ماڈل پیش کریں گی۔ اس کے لیے ڈیزائنرز اپنے ملبوسات کو کوریئر کے ذریعے ماڈلز کے گھر پر بھیجیں گے۔

ماڈلز شو کی آفیشل اسٹائلسٹ سے رابطہ کریں گی اور ان کے مشورے سے شو کے لیے تیار ہوں گی۔ ماڈلز اپنی ویڈیوز خود بنا کر منتظمین کو بھیج دیں گی جو اسے ایڈٹ کر کے شو کے موقع پر اسٹریم کریں گے۔

فریحہ الطاف شو میں ماڈلنگ کے لیے فلم اور ٹی وی کے بڑے ناموں سے رابطے کر رہی ہیں تاکہ شو کی اسٹار ویلیو میں اضافہ کیا جائے۔ چونکہ ان کی کمپنی لکس اسٹائل ایوارڈ جیسے شوبز کے بڑے ایونٹس کا انتظام کرتی رہی ہے اس لیے توقع کی جا رہی ہے کہ وہ اپنی کوشش میں کامیاب ہو جائیں گی۔