maxresdefault 28

فیس بک کا آن لائن کاروبار کیلئے نیا فیچرشاپس کے نام سے متعارف کرانے کا اعلان

ویب ڈسک : دنیا کی مشہور سوشل نیٹ ورکنگ سائٹ فیس بکُ نے آن لائن کاروبار کیلئے نیا فیچرشاپس کے نام سے متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے ، س کی بدولت چھوٹے کاروباری اداروں کو فیس بک اور انسٹاگرام پر بلا معاوضہ آن لائن سٹور قائم کرنے کا موقع ملے گا۔ امریکی ذرائع ابلاغ سے بات کرتے ہوئے فیس بک کے بانی مارک زاکر برگ نے بتایاکہ نئے فیچر سے چھوٹے کاروباری اداروں کے لیے آن لائن کاروبار کرنا بہت آسان ہو جائے گا ،اس فیچر کی بدولت اسے آن لائن آرڈر لینے میں مدد ملے گی۔

ان کے بقول اگر کوئی ادارہ یا فرد اپنی دکان یا ریستوران کسی دن نہیں کھول سکا تو اس فیچر کی بدولت اسے آن لائن آرڈر لینے میں مدد ملے گی اور گاہک کو بھی اس فیچر کے ذریعے اپنا مطلوبہ سامان یا آرڈر گھر کی دہلیز پر ہی مل سکے گا۔

زکربرگ کا یہ بھی کہنا تھا کہ کرونا کی وبا کے دوران انہوں نے بہت سے چھوٹے کاروباری اداروں کو پہلی بار آن لائن بزنس کا حصہ بنتے دیکھا ہے۔ لہٰذا اس فیچر کے ذریعے چھوٹے کاروباری اداروں اور تاجروں کے لیے آن لائن بزنس کرنا آسان ہو جائے گا۔

وہ کاروباری ادارے جو فیس بک پر مصنوعات فروخت کے لیے پیش کریں گے، وہ اس نئے فیچر ‘شاپس’ میں نمایاں طور پر نظر آئیں گے اور خریدار فوری طور پر انہیں آرڈر کر سکیں گے۔

اس سہولت سے فائدہ اٹھانے کے لیے کچھ کاروباری ادارے براہِ راست فیس بک پر اشیا فروخت کرسکیں گے جب کہ کچھ اداروں کو اس کے لیے ایک بزنس ویب پیج بنانا ہو گا۔

اس ای کامرس فیچر کے لیے فیس بک نے کینیڈین آن لائن شاپنگ کمپنی ‘شوپیفائی’ کے ساتھ اشتراک کیا ہے۔ اس کے علاوہ وہ دیگر سات آن لائن شاپنگ پلیٹ فارمز کے ساتھ بھی رابطے میں ہے۔

رواں برس اس فیچر کو ‘شاپنگ ٹیب’ کے نام سے فیس بک کی نیوی گیشن بار میں شامل کر دیا جائے گا۔