اداکارہ حنا الطاف اور آغا علی نکاح کے بندھن میں بندھ گئے

کراچی: ڈراما سیریل ’’دل گمشدہ‘‘ کی مقبول جوڑی اداکار آغا علی اور اداکارہ حنا الطاف حقیقی زندگی میں ایک دوسرے کے جیون ساتھی بن گئے۔

آغا علی اورحنا الطاف جمعۃ الوداع کے روز قریبی دوستوں اور رشتے داروں کی موجودگی میں نہایت خاموشی سے نکاح کے بندھن میں بندھ گئے۔ دونوں نے رشتہ ازدواج میں منسلک ہونے کی خبر آج اپنے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر شیئر کی اور اپنے چاہنے والوں کو یہ بھی بتایا کہ ان کا رشتہ نفرت سے دوستی اور دوستی سے محبت میں کیسے تبدیل ہوا۔

اس سلسلہ میں آغا علی نے  انسٹاگرام  پر نکاح کی تصاویر پوسٹ کرتے ہوئے اطلاع دی کہ انہوں نے نکاح کرلیا ہے۔آغا علی نے بتایا کہ وہ بہت عرصہ سے دوست ہیں اور ایک دوسرے کو بہت قریب سے جانتے ہیں۔ ہم نے 22 مئی جمعتہ الوداع کے دن نکاح کیا ہے اور ہمیں آپ کی دعاؤں کی ضرورت ہے۔ آغا علی بھی  نے اپنی پوسٹ میں اس بات کی تصدیق کی ہے کہ ان کی دوستی کچھ عرصہ پہلے ہی ہوئی تھی اور پچھلے 11 مہینوں سے وہ بہت قریبی دوست بن گئے تھے جس کے بعد ہمارا سارا وقت ایک ساتھ ہی گزرتا تھا۔

اس ضمن میں حنا الطاف کی جانب سے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر چند تصاویر شیئر کی گئیں۔

اداکارہ نے اپنے چاہنے والوں کو نکاح کی خوشخبری سناتے ہوئے بتایا کہ کس طرح آغا علی اور وہ پہلے ایک دوسرے کو نا پسند کرتے تھے، پھر یہ دوست بنے اور اب ایک دونوں نے ایک دوسرے کے ساتھ زندگی گزارنے کا فیصلہ کیا۔ حنا الطاف نے بتایا کہ آغا علی نے ان کا دل جیت لیا اور پھر  دونوں نے ایک دوسرے کے ساتھ پوری زندگی گزارنے کا فیصلہ کرلیا۔