1 141

پاکستان کرکٹ ٹیم کو ورلڈ نمبر ون بنانا ہے: سابق کرکٹر ثقلین مشتاق

ویب ڈیسک :پی سی بی ہائی پرفارمنس سنٹر میں ہیڈ آف انٹر نیشنل پلیئر ڈویلپمنٹ کی ذمہ داریاں سنبھالنے والے سابق آف اسپنر ثقلین مشتاق کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کو ورلڈ نمبر ون بنانا اور غلبہ دلانا ہے اور اس کے لیے ہائی پرفارمنس سنٹر اور کوچز کو مل کر کام کرنا ہو گا۔ ندیم خان کے بعد ثقلین مشتاق نے بھی ہائی پرفارمنس سینٹر میں اپنی ذمہ داریاں سنبھال لی ہیں۔نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور اب ہائی پرفارمنس سنٹر میں تبدیل ہو چکی ہے۔ ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس ندیم خان کے ساتھ سابق آف اسپنر اور دوسرا کے موجد ثقلین مشتاق کی ہیڈ آف انٹر نیشنل پلئیر ڈویلپمنٹ اور گرانٹ بریڈ برن کی ہیڈ آف ہائی پرفارمنس کوچنگ کی حیثیت سے تقرری ہوئی ہے۔ثقلین مشتاق کا کہنا ہے کہ ایک بار پھر پاکستان کرکٹ کے ساتھ جڑنا عزت کی بات ہے، جب چھوٹے تھے تو ہر وقت یہی ایک جذبہ ہوتا تھا کہ پاکستان کے لیے کھیلنا ہے اور پاکستان کے لیے خدمات انجام دینی ہیں، اب ایک بار پھر وہی جذبہ ہے کہ گرانڈ کے اندر آنا ہے، یہ موقع ملا ہے اور میں سمجھتا ہوں کہ میں خوش قسمت ہوں کہ دوبارہ پاکستان کرکٹ کے ساتھ جڑا ہوں۔دوسرا کے موجد نے کہا کہ پلیئر ڈویلپمنٹ کے لیے ایک اچھا ویژن بنایا گیا ہے، گراس روٹ لیول سے کھلاڑیوں کو لانا ہے اور پہلے سے اوپر موجود کھلاڑیوں کو نکھارنا ہے۔ ثقلین مشتاق ہیڈ آف انٹر نیشنل پلئیر ڈویلپمنٹ کی حیثیت سے پاکستان ٹیم، شاہین اور پاکستان انڈر 19 ٹیم کے کوچز کے ساتھ مل کر کام کریں گے، ثقلین مشتاق کا کہنا ہے کہ سب کا ایک ہی کام ہے اس لیے ہم سب کو ایک پیچ پر اور ایک سوچ کے ساتھ کام کرنا ہو گا، پہلے ہمیں ورلڈ کلاس کی چٹ دی گئی تھی، اب ہم نے نوجوانوں کو تیار کر کے ورلڈ کلاس کی چٹ انہیں دینا ہے اور اس کے لیے سب کو مل کر کام کرنا ہے۔انھوں نے کہا پاکستان کو ورلڈ نمبر بنانا ہے تو اس کے لیے مل کر کام کرنا ہے، یہ کوئی آسان کام نہیں ہے اور نہ راتوں رات ہو گا، اس کے لیے وقت درکار ہے، ہم جادوگر نہیں ہیں لیکن ہمیں ایک ویژن کے ساتھ مل کر کام کرنا ہے۔