download 10 1

امریکی جج کا صدر ٹرمپ مخالف جان بولٹن کی کتاب پر پابندی عائد کرنے سے انکار

واشنگٹن: امریکا کے ایک جج نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے قومی سلامتی کے سابق مشیر جان بولٹن کی تحریر کردہ کتاب کا اجراء روکنے سے انکار کردیا ہے، اس دھماکا خیز کتاب میں جان بولٹن نے صدر ٹرمپ کو بدعنوان اور صدارتی منصب کا نااہل قرار دیا ہے، جان بولٹن کی کتاب آیندہ ہفتے کتب خانوں پر فروخت کے لیے دستیاب ہوگی، جج روئیس لیمبرٹ نے اپنے حکم میں لکھا ہے کہ جان بولٹن بظاہر وائٹ ہاؤس سے یہ تحریری سمجھوتا حاصل کرنے میں ناکام رہے ہیں کہ ان کی یادداشتوں پر مبنی کتاب میں کوئی کلاسیفائیڈ چیز نہیں ہے،

وہ لکھتے ہیں:’’جان بولٹن کی یک طرفہ کارروائی سے قومی سلامتی کے لیے گہری تشویش پیدا ہوگئی ہے لیکن حکومت بھی یہ ثابت نہیں کر پائی ہے کہ کتاب پر پابندی مسئلہ کا کوئی مناسب حل ہوگی‘‘، جج کا کہنا ہے کہ ’’حکومت نے جن مندرجات پر اعتراض کیا ہے،ان کے جائزے سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ ان میں کلاسیفائیڈ مواد موجود ہےاور جان بولٹن نے ممکنہ طور پراس کتاب کی اشاعت کے ذریعے قومی سلامتی کو داؤ پر لگایا ہے‘‘،

مزید پڑھیں:  ماسکو حملے کے پیچھے ممکنہ طور پر امریکا، برطانیہ اور یوکرین ہیں، روس

اس کتاب کا عنوان ’’ دا روم وئیر اِٹ ہیپنڈ‘‘ (کمرا ، جہاں یہ رونما ہوا) ہے۔ یہ آیندہ منگل کو ملک کے بڑے کتب خانوں پر فروخت کے لیے پہنچا دی گئی ہے، اس میں جان بولٹن نے صدر ٹرمپ پر جو سنگین الزامات عاید کیے ہیں، وہ پہلے ہی میڈیا میں رپورٹ ہوچکے ہیں،جان بولٹن سترہ ماہ تک امریکی صدر کے قومی سلامتی کے مشیر رہے تھے، انھوں نے اس کتاب میں ان ہی ایّام کا احاطہ کیا ہے، انھیں گذشتہ سال ستمبر میں صدر نے چلتا کیا تھا، مسٹر جان بولٹن ایک طویل عرصے سے ری پبلکن پارٹی سے وابستہ ہیں،

مزید پڑھیں:  جنوبی افریقہ :مسافر بس کھائی میں گرنے سے45افراد ہلاک

انھوں نے لکھا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ صدارتی منصب کے اہل نہیں ہیں، ان کے بہ قول صدرٹرمپ نے اس سال نومبر میں ہونے والے صدارتی انتخابات میں دوبارہ منتخب ہونے کے لیے چینی صدر شی جین پنگ کے ساتھ تجارتی مذاکرات کے دوران میں معذرت خواہانہ طرزعمل اختیار کیا تھا اور ان سے یہ درخواست کی تھی کہ چین امریکا کی زرعی اجناس کو خرید کرے تاکہ اس کی بدولت ڈونلڈ ٹرمپ امریکا کی زرعی ریاستوں میں صدارتی انتخاب میں کامیابی حاصل کرسکیں۔