ملک بھر میں کورونا سے متاثرین کی تعداد 2 لاکھ 28 ہزار سے تجاوز، کل اموات 4,712 ہو گئی

اسلام آباد : نیشنل کنٹرول اینڈ آپریشن سینٹر کے اعداد وشمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا کے 25 ہزار 527 ٹیسٹ کیے گئے، جب کہ اب تک ملک بھر میں مجموعی طور پر 13 لاکھ 98 ہزار 352 کورونا ٹیسٹ کئے جاچکے ہیں۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا کے 3 ہزار 191 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، جس کے بعد ملک بھر میں کورونا مریضوں کی تعداد 2 لاکھ 28 ہزار 474 تک جا پہنچی ہے۔ سندھ میں کورونا کیسز کی تعداد 92 ہزار 306 ، پنجاب81 ہزار 317، خیبر پختونخوا 27 ہزار 843، بلوچستان میں 10 ہزار 766 ، گلگت بلتستان میں ایک ہزار 545 اور آزاد کشمیر میں کوروناکیسز کی تعداد ایک ہزار 288 ہوگئی۔اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں ایکٹیو کیسز سے زیادہ صحتیاب ہونے والے مریضوں کی تعداد بڑھنے لگی ہے۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں مزید 4 ہزار 736 مریضوں نے کورونا کو شکست دی جس کے بعد کورونا سے صحتیاب مریضوں کی تعداد ایک لاکھ 29 ہزار 830 ہوگئی ہے جب کہ فعال کیسز کی تعداد 98 ہزار 444 ہے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 93 افراد اس وائرس کے ہاتھوں زندگی کی بازی ہار گئے جس کے بعد ملک بھر میں کورونا سے مجموعی اموات کی تعداد 4 ہزار 712 ہو گئی۔

پنجاب میں کورونا کے فعال مریضوں کی تعداد سندھ سے کم ہے تاہم اس صوبے میں اس وائرس سے سب سے زیادہ جانی نقصان ہوا ہے، پنجاب میں کورونا سے ایک ہزار 871 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں، سندھ میں ایک ہزار501، خیبرپختونخوامیں ایک ہزار 20، اسلام آباد میں 134، بلوچستان میں 123، آزاد کشمیرمیں 35 جب کہ گلگت بلتستان میں 28 افراد کورونا سے جاں بحق ہوچکے ہیں۔ اس کے علاوہ 2 ہزار 419 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔