وزیراعظم عمران خان کے زیر صدارت معاشی تھنک ٹینک کا اجلاس ۔ نادارطبقوں کوریلیف فراہم کرنے پرزور

اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان نے مختلف اعانتوں کے ذریعے معاشرے کے نادارطبقوں کو ریلیف فراہم کرنے کی ضرورت پرزوردیاہے۔

اسلام آباد میں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ حکومت کی پالیسی وبا سے عوام کا تحفظ اور اقتصادی سرگرمیوں کے درمیان توازن ہے، معاشرے کے انتہائی پسماندہ طبقات کو امداد کی فراہمی اولین ترجیح ہے۔

اسلام آباد میں خزانے اور معیشت کے بارے میں تھنک ٹینک کے ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ کوروناوائرس کے پاکستان سمیت دنیابھرکی معیشت پر منفی اثرات مرتب ہوئے ہیں۔
وزیراعظم نے کہاکہ حکومت نے پہلے دن سے ہی پائیداراقتصادی سرگرمیوں اور وبائی مرض کوروناسے عوام کو تحفظ فراہم کرنے کے درمیان توازن برقراررکھنے کی حکمت عملی اختیارکی۔

وزیراعظم نے کہا غربت کے خاتمے کیلئے حکومت کا احساس پروگرام کلیدی اہمیت رکھتا ہے۔ انتہائی مستحق افراد کی مدد کیلئے احساس پروگرام میں توسیع کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ تعمیراتی شعبے میں مراعات کا مقصد روزگار کے مواقع پیدا کرنا ہے۔ حکومت غریب عوام کو سستی رہائش فراہم کرنا چاہتی ہے۔ خیال رہے کہ گزشتہ روز عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) نے کورونا وبا کے سبب شدید متاثر ہونے والی پاکستان کی معیشت میں بہتری کی خوشخبری سنا دی تھی۔

انہوں نے اس بات پرزوردیاکہ کوروناوائرس کی وباء کے باعث مشکل کی اس گھڑی میں ملک کی اقتصادی ترقی کے لئے غیرروایتی حل کی ضرورت ہے۔


وزیراعظم نے کہاکہ تعمیرات اورہائوسنگ کے شعبے کے لئے ایک حقیقت پرمبنی پیکج کااعلان کیاگیا ہے جس کامقصد اشدضروری روزگارکے مواقع پیدا کرنا اورمعاشی سرگرمیاں تیز کرنے سمیت غریب عوام کے لئے سستے گھروں کی تعدادمیں اضافہ کرناہے۔


مشیرخزانہ ڈاکٹرعبدالحفیظ شیخ نے اجلاس کو خزانہ اورمعیشت کے بارے میں تھنک ٹینک کے اغراض ومقاصدکے بارے میں بریفنگ دی۔