سعودی عرب میں حج کی تیاریاں مکمل، مقامی عازمین مکہ مکرمہ پہنچ گئے

ویب ڈیسک :سعودی عرب میں حج کی تیاریاں مکمل، مقامی عازمین مکہ مکرمہ پہنچ گئے واضح رہے کہ کورونا وائرس کے کیسز میں اضافے کی وجہ سے حج کو ایک ہزار افراد تک محدود کردیا گیا تھا جبکہ ہر سال دنیا بھر سے تقریباً 25 لاکھ افراد حج کی ادائیگی کے لیے مکہ مکرمہ پہنچتے ہیں۔

حج کے درمیان منتظمین کے لیے طواف کے دوران ہجوم میں کمی کے لیے عازمین حج کو تقسیم کرنا لازمی ہوگا جبکہ ہر شخص کے درمیان ڈیڑھ میٹر کا فاصلہ ہوگا۔

مسجد الحرام کے منتظمین اس امر کو لازمی یقینی بنائیں گے کہ زائرین، سعی کی ہر منزل پر موجود ہوں اور اس دوران سماجی فاصلہ برقرار رکھنے کے لیے ٹریک لائنز بنائی جائیں۔علاوہ ازیں مطاف اور صفا و مروہ کی جگہ کو حج زائرین کے ہر کاررواں کے طواف اور سعی کے بعد سینیٹائز کرنے کو یقینی بنایا جائے گا۔رواں برس حج کے دوران خانہ کعبہ اور حجرِ اسود کو چھونا منع ہوگا اور ان مقامات تک پہنچنے سے روکنے کے لیے رکاوٹیں لگائی جائیں گی۔

ساتھ ہی مسجد الحرام سے قالین ہٹادیے جائیں گے جبکہ وائرس کے پھیلاؤ کے امکانات میں کمی کے لیے ماسک کا استعمال لازمی ہے اور ہر حاجی کو اپنی جائے نماز استعمال کرنے کی ہدایت کی ہے۔