ایک اور بھارتی اداکارہ نے خود کشی کر لی

ویب ڈیسک (نئی دہلی): پچلے کچھ ہفتوں کے دوران تیسرے بھارتی اداکار نے خودکشی کر لی۔ بھوجپوری فلموں کی اداکارہ 40 سالہ انوپما پھاٹک نے ممبئی میں رہائشگاہ پر خود کشی کرلی۔

رپورٹ کے مطابق پولیس کی ابتدائی تفتیش میں اداکارہ کی جانب سے خودکشی کیے جانے کی تصدیق کردی گئی ہے جب کہ اداکارہ کی رہائش گاہ سے ان کا آخری خط بھی ملا ہے۔ انوپما پھاٹک کا تعلق ریاست بہار کے ضلع پرنیا سے تھا، تاہم وہ شوبز میں کام کرنے کی وجہ سے ممبئی میں شوہر کے ساتھ رہائش پذیر تھیں۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ اداکارہ نے خودکشی سے ایک روز قبل فیس بک پر ایک ویڈیو بھی پوسٹ کی تھی، جس میں وہ دوستوں کی بے وفائی کے شکوے کرتی دکھائی دیں۔ ممکنہ طور پر اداکارہ نے کورونا کی وبا کے باعث پیش آنے والی مالی مشکلات اور قریبی دوستوں کی جانب سے مشکل وقت میں ساتھ نہ دینے اور ان کی جانب سے دغا کرنے پر دل شکستہ ہوکر خودکشی کی۔

انوپما پھاٹک نے اس وقت خودکشی کی جب کہ ان کے شوہر کام کے سلسلے گھر سے دور تھے۔ انوپما پھاٹک کی خودکشی دو دن میں بھارتی اداکار کی دوسری جب کہ گزشتہ آٹھ ہفتوں میں کسی بھی اداکار کی تیسری خودکشی کی ہے۔ بھارتی شوبز اںڈسٹری میں ماضی میں بھی متعدد اداکار و ماڈلز خودکشی کر چکے ہیں اور ایسے واقعات کے بعد انڈسٹری کے بااثر ترین افراد پر سوشل میڈیا پر تنقید بھی کی جاتی رہی ہے۔