c pack mansooba new subah ka aghaz 980

سی پیک کا دوسرا مرحلہ شروع ہو گیا ہے ، تیسرے ہفتے میں رشکئی فری اقتصادی زون معاہدے پر دستخط ہو جائیں گے،چیئر مین سی پیک اتھارٹی

ویب ڈیسک (اسلام آباد):پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) اتھارٹی کے چیئرمین لیفٹننٹ جنرل (ریٹائرڈ) عاصم سلیم باجوہ کا کہنا ہے کہ اگست کے تیسرے ہفتے میں رشکئی فری اقتصادی زون کے حوالے سے معاہدے پر دستخط ہو جائیں گے۔ان کے مطابق سی پیک کا دوسرا مرحلہ شروع ہو گیا ہے جس میں منصوبے کے معاشی ثمرات پاکستان کے عوام تک پہنچائے جائیں گے، جنرل عاصم سلیم باجوہ جو وزیر اعظم کے معاون خصوصی برئے اطلاعات بھی ہیں، نے پالیسی ادارہ برائے پائیدار ترقی (ایس ڈی پی آئی) کے زیر اہتمام گوارد بندرگاہ اورفری اقتصادی زون کا بلوچستان اور خطے کی مربوطی میں کردار کے زیر عنوان آن لائن مکالمے کی صدارت کررہے ہیں۔گوادر اور بلوچستان میں غیرمعمولی اقتصادی سرگرمیوں کا آغاز ہو چکا ہے اور ان میں مقامی افراد کی زیادہ سے زیادہ شمولیت کو یقینی بنایا جارہا ہے۔جنرل عاصم سلیم باجوہ نے کہا کہ یہ تاثر قطعی طور پر بے بنیاد ہے کہ سی پیک منصوبہ سست روی کا شکار ہے، اس کے برعکس منصوبے کے تحت شروع ہونے والی سرگرمیوں میں تیزی آ رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ اگست کے تیسرے ہفتے میں رشکئی فری اقتصادی زون کے حوالے سے معاہدے پر دستخط ہو جائیں گے۔افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس کا رجحان اب گوادر کی جانب ہو رہا ہے، گوادر کی بندرگاہ اور ایئرپورٹ اب مکمل طور پر کھول دیے گئے ہیں اور گوادر ڈسٹرکٹ اقتصادی زون کی تکمیل تیزی سے جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ سی پیک اتھارٹی سمیت حکومت پاکستان کے مختلف محکموں نے منصوبے کی سرعت کے ساتھ تکمیل میں اہم کردار ادا کیا ہے اور ٹیکسوں کے حوالے مراعات کے اعلان کے بعد سرمایہ کاروں کا رخ گوادر کی جانب ہونے کی توقع کی جا رہی ہے۔پاکستان میں تعینات چین کے سفیر یا جنگ نے اس موقع پر کہا کہ گوادر خطے کے مربوطی اور مجموعی ترقی میں انتہائی اہم حیثیت کا حامل ہے۔انہوں نے کہا کہ چینی حکومت گوادر ہی نہیں بلکہ پورے بلوچستان کو ترقی دینے کے لیے پاکستان کے ساتھ تعاون کو مزید وسیع کرے گی۔

مزید پڑھیں:  عمرہ زائرین کو مقررہ 3 ماہ کے اندر اپنے وطن لوٹنا ہوگا، اعلامیہ جاری