p613 85

مشرقیات

امام طائوس نقل کرتے ہیں کہ ایک آدمی کے چار بیٹے تھے۔باپ بیمار ہوگیاایک بیٹے نے اپنے بھائیوں سے کہا تم دو باتوں میں سے کوئی ایک بات پسند کر لو یا تم والد کی مکمل تیمارداری کرو اور اس کی میراث میں سے کچھ نہ لو۔ یا میں اس کی تیمارداری کرتا ہوں اورمجھے اس کی میراث میں سے کچھ نہ دیاجائے ۔ بھائیوں نے کہا ۔آپ ہی اس کی دیکھ بھال کر یں ۔ اس نے والد کی تیمارداری کرنی شروع کی ، یہاں تک کہ والد کا انتقال ہوگیا اورمیراث میں سے بھی اسے کچھ نہ ملا۔ ایک رات خواب میں کسی نے اس سے کہا فلاں جگہ جائو، وہاں 100دینار رکھے ہیں وہ اٹھالو۔ اس نے پوچھا : کیا وہ برکت والے ہیں؟ اس نے کہانہیں : صبح ہوئی تو اس نے بیوی سے اس کاذکر کیا، بیوی نے کہا ۔ ہم بھوک سے مر رہے ہیں اور تجھے برکت کی پڑی ہے وہ لے آ، اس کی برکت یہی ہے تو اس سے کھائے، پیئے اورزندگی گزارے ، مگر وہ نہ مانا، جب اگلی رات پر وہی خواب دیکھا، صبح اس نے پھر بیوی سے اس کاتذکرہ کیا، بیوی نے وہی پہلا جواب دیا۔تاہم شوہر نے اس روز بھی وہ دینار نہ اٹھائے۔ تیسری رات پھر اس کو خواب آیا، کسی نے کہا ، فلاں جگہ سے ایک دینار اٹھالو۔ اس نے پوچھا۔ اس میں برکت ہے ؟ اس نے کہا ، ہاں !صبح ہوئی تو آدمی وہاں گیا اور دینار اٹھا لایا۔ دینار لے کر وہ بازار گیا ، وہاں ایک آدمی کے پاس دو مچھلیاں تھیں اس نے اس سے پوچھا ، یہ کتنے کی ہیں؟ آدمی نے کہا ایک دینار کی ، وہ ایک دینار سے دو مچھلیاں خرید کر گھرلے آیا جب اس نے اس کاپیٹ چاک کیا تو اس میں سے دو ایسے خوبصورت قیمتی موتی برآمد ہوئے ۔ اس وقت کے بادشاہ کو ویسے ہی ایک موتی کی تلاش تھی اس نے تمام جوہریوں سے اس بابت معلومات کیں مگر کسی کے پاس ویسا موتی نہ تھا۔ اس لڑکے کے پاس وہ موتی مل گیا۔ لڑکے نے وہ موتی بادشاہ کو سونے سے لدے ہوئے 30خچروں کے عوض فروخت کردیا۔ بادشاہ نے جب موتی دیکھا تواپنے خدام سے کہا ، یہ موتی جڑواں ہوتا ہے ، تنہا نہیں ہوتا اس کا جڑواں موتی تلاش کرو۔ اگر چہ انہیں اس کی دگنی قیمت دینی پڑجائے ۔ شاہی خدام اس لڑکے کے پاس آئے اور کہا : کیا آپ کے پاس اس جیسا دوسرا موتی ہے ہم اس کی دگنی قیمت دینے کوتیار ہیں۔اس نے کہا : ہاں مگر اس کی دگنی قیمت دے دو گے ؟ انہوںنے کہا : ہاں تو اس شخص نے وہ موتی دگنی قیمت کے عوض انہیں فروخت کر دیا اس طرح اللہ تعالیٰ نے اسے اپنے والد کی خدمت کا دنیامیں بھی بہتر صلہ عطا فرمایا اور وقت کا سب سے مال دار انسان بن گیا۔ (بحوالہ حیرت انگیز واقعات)

مزید پڑھیں:  بھارت کا مستقبل امریکہ کی نظر میں