دل پشوری کیجئے خوش رہئے

دل پشوری

پاکستانیوں اور خصوصاً خیبر پختونخوا کے لوگوں کے حوالے سے خوش خوشحال اور خوش و خرم ہونے کے حوالے سے حالیہ رپورٹ میں کتنی صداقت ہے اس کا تو اندازہ نہیں کم از کم پشاوراور خیبر پختونخوا میں جہاں جائو جنگ و جدل ‘ توتکار ہی نظر آتی ہے ۔ سڑک پر چلتے ہوئے ذرا کسی سے ٹکرا جائو تو بندہ گھور گھور کر دیکھنے لگتا ہے لیکن پھر بھی اخبار کہنداے تو ٹھیک ہی ہوسی کے مصداق اس پر یقین کرنے میں کیا حرج ہے کہ اخبار کہنداے ملک’ دل پشوری اہل پشاور کا خاصا رہا ہے خواہ کتنا بھی بندہ غمگین ہو ظاہر نہیں کیا جاتا اسی طرح ہمارے ایک دوست جیم الف بڑے ہی دل پشاوری کرنے والے دوست ہیں وہ پشوری گپ ایسے لگاتے ہیں کہ سچ اور جھوٹ کا پتہ بھی نہیں چلتا۔ ایک عرصے تک موصوف تبدیلی کے شیدائی رہے مگر جب بجلی اور گیس کے بلوں نے ہاتھوں کے طوطے اڑا دیئے تو اب ان کا بھی کچھ کچھ ذہن تبدیل ضرور ہوا ہے مگر تبدیلی کے جراثیم ابھی پوری طرح مرے نہیں۔ اس لئے بعض اوقات انگڑائی لے ہی لیتے ہیں۔

چلیں چھوڑیں دل پشاوری کرنے والا بندہ ہو تو اندر سے گھٹ بھی رہا ہو تو پھر بھی دل پشوری کر ہی لیتا ہے خدا بخشے دل پشوری ہمارے محترم ظہور اعوان مرحوم کا کالم ہوا کرتا تھا۔ موصوف اتنے بسیار نویس تھے کہ ہمارے پاس ان کے کالم ایڈوانس میں پڑے پڑے پرانے ہو جاتے تھے مگر مجال ہے کہ ان کا ہاتھ رکے ویسے کالم نگار مرحوم خود دل پشوری کے قائل کم ہی تھے مگر قارئین کو دل پشوری کرانا ان کا مشغلہ تھا۔ دل پشوری سے یاد آیا کہ بندہ پشاور کا ہو یا نہ ہو اس کا دل پشوری ہوناچاہئے تاکہ جہاں وہ چاہے دل پشوری کر لے دل پشوری کرنے کے اپنے اپنے انداز ہوتے ہیں کچھ کھا پی کر ‘ کچھ نسوار کی چونڈی لگا کر دل پشوری کر لیتے ہیں بعض لوگوں کی عادت ہوتی ہے کہ وہ دل پشوری کے لئے گھر والی سے بحث چھیڑ بیٹھتے ہیں۔ غریب آدمی کے لئے دل پشوری اور غم بھلانے کو لے دے کے گھر والی ہی بچتی ہے۔ کچھ لوگ کبھی خوش نہیں رہ سکتے اور کچھ لوگ کچھ بھی ہو خوش رہتے ہیں

خوشی انسان کے اندر کی کیفیت کا نام ہے اس کے علاوہ کچھ بھی نہیں بندہ خوش نہ ہو تو سب چیزیں ‘ سب تفریحات بیکار بندہ جرمست ہو تو فاقہ مستی ہی میں خوش اور مست رہتا ہے ۔ ہمارا مشورہ ہے کہ دل پشوری کیجئے خوش رہئے ‘ خوش رہو بہت جیو ‘ غصہ کرکے خوامخواہ اپنے آپ کو مارنے سے کیا فائدہ۔ سردی کے ان دنوں میں بندہ مونگ پھلی چھیل کر کھاتا جائے تو یہ بھی وقت گزاری کے لئے اچھا مشغلہ ہے۔ دل پشوری کے لئے بہانہ چاہئے دل پشوری ہو تو پشوری ہو ہی جاتی ہے نہ ہو تو پشوری ہوکر بھی دل پشوری نہیں ہوسکتی۔