pm cm sindh meeting

وزیر اعظم سے وزیر اعلیٰ سندھ کی ملاقات؛ آئی جی کی تبدیلی پر اتفاق

اسلام آباد / کراچی: وزیراعظم عمران خان اور وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے درمیان ملاقات میں آئی جی پولیس کی تبدیلی پر اتفاق کرلیا گیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیراعظم عمران ایک روزہ دورے پر کراچی آئے ہیں جہاں وہ کئی اہم تقاریب میں شرکت کے علاوہ دیگر معاملات پر بھی مشاورت کریں گے۔

گورنر ہاؤس کراچی میں وزیر اعظم عمران خان سے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے ملاقات کی، اس موقع پر گورنر سندھ عمران اسماعیل بھی موجود تھے۔

وزیر اعلیٰ نے صوبے میں امن و امان کی صورت حال پر تفصیلی بات کی اور آئی جی کلیم امام سے متعلق سندھ کابینہ کے فیصلوں اور تحفظات سے بھی وزیراعظم کو آگاہ کیا، گورنر عمران اسماعیل نے بھی آئی جی سندھ کو تبدیل کرنے کے مطالبے کی حمایت کی۔

مزید پڑھیں:  6 ججز کا خط، سپریم کورٹ کا فل کورٹ اجلاس آج دوبارہ ہوگا

ملاقات میں وزیر اعظم نے سندھ میں آئی جی پولیس تبدیل کرنے پر اتفاق کیا اور فیصلہ کیا گیا کہ آئی جی سندھ کے لیے زیرغور افسران میں کسی ایک کو تعینات کردیا جائے گا۔

وزیراعظم  گورنر ہاؤس کراچی میں پیرپگارا سے ملاقات کریں گے جب کہ ان کی متحدہ قومی موومنٹ کی قیادت سے ملاقات طے نہیں، اس کی تصدیق ایم کیو ایم کی جانب سے بھی کردی گئی ہے۔

مزید پڑھیں:  امریکی پابندیوں سے بچنے کیلئَے پاکستانی وزیر پیٹرولیم متحرک

ایم کیوایم ذرائع کا کہنا ہے کہ ایم کیو ایم کی خواہش ہے کہ وزیراعظم بہادر آباد آئیں اور ایم کیوایم قیادت نے اسلام آباد میں ہونے والی ملاقات میں بھی اس خواہش کا اظہار کیا تھا۔ ایم کیوایم پاکستان کے معاملات وزیراعظم کی کمیٹی دیکھ رہی ہے۔ جلد ہی معاملات طے ہونے کے بعد ایم کیو ایم کے کنوینر خالد مقبول صدیقی اسلام آباد میں ہی وزیراعظم سے ملاقات کریں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں