سام سنگ نے خود ایس 20 کے نام اور ڈیزائن کی تصدیق کردی

سام سنگ کے فلیگ شپ ایس سیریز کے نئے فونز اگلے ہفتے متعارف کرائے جارہے جارہے ہیں اور اس کے بارے میں لیکس کا سلسلہ تاحال رکا نہیں۔

مگر اب کی بار کسی اور نے نہیں بلکہ سام سنگ نے ہی خود فون کے نام اور ڈیزائن کو اپنی ایک ویب سائٹ پر لیک کردیا، مگر کچھ دیر میں ہی ڈیلیٹ کردیا۔

جرمن ویب سائٹ ون فیوچر نے سام سنگ کی اس غلطی کو پکڑلیا اور اس کے اسکرین شاٹ پوسٹ کردیئے۔

تصاویر میں یہ فون ہارڈ کور ایل ای ڈی کیس موجود ہے جس پر گلیکسی ایس 20 ڈیوائس واضح طور پر دیکھا جاسکتا ہے۔

یہ افواہ ایک ٹوئٹر صارف آئس یونیورس کی جانب سے کچھ عرصے پہلے سامنے آگئی تھی کہ سام سنگ کی جانب سے اس بار گلیکسی ایس سیریز کے فونز کو ایس 11 کی جگہ ایس 20 قرار دیا جائے گا اور اب سام سنگ کے پراڈکٹ پیج سے ہی اس کی تصدیق بھی ہوگئی ہے۔

جہاں تک ایل ای ڈی کیسز کی بات ہے تو وہ نوٹیفکیشن آنے پر جگمگانے لگے گئے۔

آئس یونیورس کی جانب سے ایس 20 الٹرا کی تصویر بھی پوسٹ کی گئی ہے جو کہ 108 میگا پکسل کیمرے سے لیس ہوگا اور یہ کمپنی کا ایسا پہلا فون ہوگا۔

درحقیقت ایس 20 الٹرا اس کمپنی کا سب سے ایڈوانس کیمرا ٹیکنالوجی والا فون ہوگا جس میں پہلی بار کسی کمپنی کی جانب سے 16 جی بی ریم دیئے جانے کا بھی امکان ہے۔

ایس 20 اور ایس 20 پلس گزشتہ سال کے ایس 10 سیریز کے فونز کے اپ ڈیٹ ورڑن ہوں گے جن میں کچھ نمایاں نئے فیچرز کا اضافہ کیا جائے گا۔

ایس 20 میں 6.2 انچ اسکرین دی جائے گی جبکہ ایس 20 پلس میں 6.7 انچ ڈسپلے موجود ہوگا۔

ایس 20 میں 12 میگا پکسل مین کیمرا، 64 میگا پکسل ٹیلی فوٹو کیمرے کے ساتھ 12 میگا پکسل الٹرا وائیڈ لینس دیا جائے گا جبکہ ایس 20 پلس میں 3 کیمرے تو یہی ہیں مگر اس میں چوتھا کیمرا ٹائم آف فلائٹ سنسر کی شکل میں دیا جائے گا۔

یہ سنسر انفراریڈ لائٹ کو استعمال کرکے فاصلے اور ڈیپتھ کی پیمائش کرتا ہے۔

اس کے علاوہ دونوں میں 3 ایکس آپٹیکل اور 30 ایکس ڈیجیٹل زوم، 8 کے/ 30 فریم فی سیکنڈ ویڈیو ریکارڈنگ (بیک کیمرے) اور 4 کے / 60 فریم فی سیکنڈ ویڈیو ریکارڈنگ فرنٹ کیمرے سے ممکن ہوگی، فرنٹ پر 10 میگا پکسل کیمرا موجود ہوگا۔

ایس 20 میں 4000 ایم اے ایچ بیٹری جبکہ ایس 20 پلس میں 4500 ایم اے ایچ بیٹری دی جائے گی اور 128 جی بی اسٹوریج ہوگی، جس میں مائیکرو ایس ڈی کارڈ سے ایک ٹی بی تک اضافہ کیا جاسکے گا۔

ان دونوں کے مقابلے میں ایس 20 الٹرا بالکل مختلف اور چونکا دینے والے فیچرز سے لیس فون ہے۔

6.9 انچ ڈسپلے کے ساتھ 5000 ایم اے ایچ بیٹری، 128 سے 512 جی بی اسٹوریج (مائیکرو ایس ڈی سے ایک ٹی اسٹوریج کا اضافہ کیا جاسکے گا) دی جائے گی۔

جہاں تک کیمرا سسٹم کی بات ہے تو یہ اس کا سب سے نمایاں فیچر ہے کیونکہ اس میں 108 میگا پکسل مین کیمرا 100 ایکس ڈیجیٹل زوم کے ساتھ دیا جائے گا، اس کے علاوہ 48 میگا پکسل ٹیلی فوٹو، 12 میگا پکسل الٹرا وائیڈ اور ٹی او ایف کیمرے دیئے جائیں گے۔

یہ دنیا کا پہلا فون ہوگا جس میں فرنٹ پر 40 میگا پکسل سیلفی کیمرا دیا جارہا ہے۔

91 موبائلز کی ایک لیک میں ان کی قیمتیں بھی بتائی گئی تھیں جن کے مطابق گلیکسی ایس 20 کی قیمت 899 یورو (ایک لاکھ 53 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) سے شروع ہوگی، گلیکسی ایس 20 فائیو جی 999 یورو (ایک لاکھ 70 ہزار پاکستانی روپے سے زائد)، گلیکسی ایس 20 پلس فائیو 1099 یورو (ایک لاکھ 87 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) جبکہ گلیکسی ایس 20 الٹرا فائیو جی (128 جی بی اسٹوریج) کی قیمت 1349 یورو (2 لاکھ 29 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) اور 512 جی بی اسٹوریج والے ماڈل کی قیمت 1549 یورو (2 لاکھ 63 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) ہوسکتی ہے۔

خیال رہے کہ سام سنگ کی جانب سے یہ نئے فونز 11 فروری کو سان فرانسسکو میں ایک ایونٹ کے دوران متعارف کرائے جائیں گے۔