b3gr6kro icc logo afp 625x300 14 October 19

آئی سی سی نے راولپنڈی ٹیسٹ کیلئے میچ آفیشلز کا اعلان کردیا

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے 7 فروری کو پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان شروع ہونے والے ٹیسٹ کے لیے میچ آفیشلز کا اعلان کردیا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق آئی سی سی نے ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں شامل پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان سیریز کے پہلے ٹیسٹ کے لیے رچی رچرڈسن کو میچ ریفری، نائجل لونگ اور کرس گیفنی کو آن فیلڈ امپائرز کی ذمہ داریاں سونپ دی ہیں۔

پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے پہلے مرحلے میں ہونے والا واحد ٹیسٹ 7 فروری کو راولپنڈی میں شروع ہوگا۔

راولپنڈی ٹیسٹ میچ میں ماریز ایریسمس ٹی وی امپائر اور پاکستان سے تعلق رکھنے والے شوزب رضا چوتھے امپائر ہوں گے۔

خیال رہے کہ میچ ریفری رچی رچرڈسن دوسری مرتبہ پاکستان آرہے ہیں، انہوں نے اس سے قبل ستمبر2017 میں آئی سی سی ورلڈ الیون ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کے موقع پر بھی میچ ریفری کے فرائض انجام دیے تھے۔

مزید پڑھیں:  بابر اعظم کو ایک بار پھر کپتان قومی ٹیم بنائے جانے کا امکان

ویسٹ اندیز سے تعلق رکھنے والے سابق کرکٹر رچی رچرڈسن نے 1985 سے 1996 کے دوران پاکستان میں 21 ون ڈے اور 6 ٹیسٹ میچ بھی کھیلے ہیں۔

میچ کے دیگر آفیشلز میں شامل کرس گیفنی اور ماریز ایریسمس پہلی مرتبہ پاکستان آرہے ہیں تاہم نائجل لونگ ا س سے قبل بھی پاکستان میں 6 ایک روزہ میچوں میں امپائرنگ کے فرائض انجام دے چکے ہیں۔

نائجل لونگ کے لیے راولپنڈی میں امپائرنگ کا یہ پہلا تجربہ ہوگا کیونکہ وہ اس سے قبل کراچی میں 3، لاہور میں 2 اور ملتان میں ایک میچ میں امپائرنگ کے فرائض انجام دے چکے ہیں۔

مزید پڑھیں:  سلطان اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ کے ڈراز کا اعلان

انہوں نے 2009 میں پاکستان اور سری لنکا کے درمیان کھیلی گئی ادھوری سیریز میں فیلڈ امپائر کی ذمہ داریاں نبھائی تھیں۔

آئی سی سی کی جانب سے اعلان کردہ میچ آفیشلز میں نائجل لونگ اور کرس گیفنی (آن فیلڈ امپائرز)، ماریز ایریسمس (تھرڈ امپائر)، شوزب رضا (فورتھ امپائر) اور رچی رچرڈسن (میچ ریفری) شامل ہیں۔

خیال رہے کہ بنگلہ دیش کی ٹیم 17 سال بعد ٹیسٹ میچ کھیلنے کے لیے پاکستان پہنچ چکی ہے جس میں تجربہ کار اور سینئر کھلاڑی بھی شامل ہیں۔

بنگلہ دیش کی ٹیم راولپنڈی ٹیسٹ کے بعد واپس اپنے ملک روانہ ہوجائے گی اور پھر پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے بعد اپریل میں واپس آکر ون ڈے میچ اور کراچی میں دوسرا ٹیسٹ میچ کھیلے گی۔