4 8

کرتا رہا جو تیز ہوا سے مقابلہ

کامیابی ایک خوبصورت لفظ ہے، کامیابی کی سب تمنا کرتے ہیں ہر شخص کامیاب ہونا چاہتا ہے کامیاب زندگی گزارنا چاہتا ہے لیکن ہم میں سے کتنے ہیں جنہیں کامیابی نصیب ہوتی ہے؟ جن کی زندگی دوسروں کیلئے مشعل راہ ہوتی ہے، سب ان کی تقلید کرنا چاہتے ہیں! خواب دیکھنے پر تو کوئی پابندی نہیں ہے، شیخ چلی کی طرح منصوبے بنانے میں بھی کوئی مضائقہ نہیں ہے مگر کامیابی حاصل کرنے کیلئے عمل کی بھٹی سے گزرنا پڑتا ہے، خیال سے شروع ہونیوالا سفر انتھک محنت کا متقاضی ہوتا ہے اگر خیال کو مشقت کا تڑکا نہ لگے تو یہ اپنی موت آپ مرجاتا ہے۔ یہ پھولوں کی سیج نہیں ہے بلکہ کانٹوں کا سفر ہے ہمت جواں ہو تو کامیابی آپ کے قدم چومتی ہے:
کرتا رہا جو تیز ہوا سے مقابلہ
کتنا ندیم حوصلہ بوڑھے شجر میں تھا
عمل سے زندگی بنتی ہے جنت بھی جہنم بھی! والی بات ہے۔ کامیاب لوگوں کی کچھ اچھی عادات ہوتی ہیں اگر ان عادات کو اپنا لیا جائے تو منزل تک پہنچنا آسان ہوجاتا ہے، ہم اچھی عادات کی فصل کاشت کرتے ہیں اور پھر کامیابی کی فصل کاٹتے ہیں انسان جس شعبے میں بھی ہو وہ کامیاب لوگوں کی اچھی عادات اپنا کر ترقی کرسکتا ہے، سب سے پہلی عادت ترتیب ونظم ضبط ہے زندگی میں توازن کا ہونا بہت ضروری ہے۔ نظم وضبط ہے کیا؟ یہ منصوبہ بندی ہے ترجیحات متعین کرنے کا نام ہے، اپنے سامنے کچھ مقاصد رکھنے کا نام ہے، زندگی میں مقاصد کا ہونا بہت ضروری ہے یہ مقاصد ہی آگے بڑھنے، لگاتار اور مسلسل محنت کرنے کا محرک بنتے ہیں۔ کامیاب لوگ رات کو سونے سے پہلے آنے والے کل کی ذمہ داریوں کی ایک فہرست بنا لیتے ہیں تاکہ مکمل یکسوئی کیساتھ بغیر کسی رکاوٹ کے ان کاموں کو مکمل کرسکیں۔ فرض کریں ایک طالب علم امتحان کی تیاری کر رہا ہے تو وہ سب سے پہلے اپنے لئے ایک ٹائم ٹیبل بناتا ہے اور پھر اپنے بنائے ہوئے ٹائم ٹیبل پر بڑی باقاعدگی سے عمل کرتا ہے۔ اگر وہ درمیان میں وقفے کرتا رہے آج کا کام کل پر چھوڑتا رہے تو پھر اس کیلئے امتحان میں اچھے نمبروں کیساتھ کامیابی حاصل کرنا بہت مشکل ہوجاتا ہے، اسی طرح کامیاب لوگوں کی ایک اچھی عادت یہ بھی ہوتی ہے کہ وہ اپنے کام سے چھٹی نہیں کرتے کام ان کی سب سے پہلی ترجیح ہوتی ہے، کام کے دوران سوچ بچار کا عمل جاری رہتا ہے سوچنے کا عمل یکسوئی پیدا کرتا ہے پوری توجہ اور کامل یکسوئی کیساتھ کیے جانے والے کام کا نتیجہ شاندار ہوتا ہے، یوں کہیے یہ اپنے کلہاڑے کو ہمیشہ تیز رکھتے ہیں اس لئے تھوڑے وقت میں اچھے نتائج حاصل کرنے میں کامیاب رہتے ہیں۔ اگر منصوبہ بندی، ترتیب اور نظم و ضبط سے آگے کی بات کی جائے تو یہ کہا جاسکتا ہے کہ کامیاب لوگ باعمل ہوتے ہیں ان کی قوت فیصلہ شاندار ہوتی ہے، یہ وقت پر بہترین فیصلہ کرنے کی صلاحیت سے مالا مال ہوتے ہیں، دراصل عمل ہی انسان کو کامیابی سے ہمکنار کرتا ہے منصوبے بنانے والے لوگوں کی اس دنیا میں کمی نہیں ہے ہر شخص اچھی اور کامیاب زندگی گزارنے کے خواب دیکھتا ہے لیکن ان خوابوں کو عملی جامہ پہنانے کیلئے عمل کی ضرورت پڑتی ہے، کامیاب وہی ہوتے ہیں جو اپنے منصوبوں کو عملی جامہ پہنانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ کامیاب لوگ اپنی شخصیت کی تراش خراش باقاعدگی سے کرتے رہتے ہیں ورزش ان کی روزمرہ کی روٹین کا اہم حصہ ہوتی ہے، یہ اپنے کھانے پینے پر بہت زیادہ توجہ دیتے ہیںبسیار خوری سے پرہیز کرتے ہیں یہ خوش لباس ہوتے ہیں، کاہلی ان کو چھو کر بھی نہیں گزری ہوتی، ہر وقت چاق وچوبند اورمتحرک! آرام سے بیٹھنا ان کی کتاب میں نہیں ہوتا۔ یہ نت نئے تجربے کرنے کیلئے ہمہ وقت تیار رہتے ہیںیہ سحر خیز ہوتے ہیں ”Early to bed and early to rise, makes a man healthy, wealthy and wise” پر نہ صرف ان کا کامل یقین ہوتا ہے بلکہ اس پر عمل پیرا بھی ہوتے ہیں، اقبال نے کیا خو ب کہا تھا :
عطار ہو، رومی ہو، رازی ہو، غزالی ہو
کچھ ہاتھ نہیں آتا بے آہ سحر گاہی
کامیاب لوگ زندگی میں مثبت روئیے کو بڑی اہمیت دیتے ہیں ان کی مثبت سوچ انہیں بہت سی اُلجھنوں سے بچائے رکھتی ہے، یہ اپنے رفقائے کار کی حوصلہ افزائی کرنے والے ہوتے ہیں یہ شکر گزار ہوتے ہیں کہتے ہیں شکر ادا کرنے سے نعمت نہ صرف قید ہوجاتی ہے بلکہ اس میں اضافہ بھی ہوجاتا ہے دراصل کامیابی کا راز اپنے من میں غوطہ لگانے میں ہی پوشید ہ ہے جس نے اپنے آپ کو پہچان لیا اس نے رب کو پہچان لیا! مشہور ومعروف برازیلین ادیبPaulo Coelho نے کہا تھا ایک بات یاد رکھو! جہاں آپ کا دل ہوگا وہاں آپ کو اپنا خزانہ مل جائے گا اور بہادر بنو! خطرات مول لوکوئی چیز بھی تجربے کا نعم البدل نہیں ہوسکتی! مسلسل آگے بڑھتے رہنا ہی کامیابی کی کلید ہے، کامیاب لوگ اپنی ناکامیوں سے سیکھتے ہیں خیال کی اہمیت اپنی جگہ مگر عمل کے بغیر بات کہاں بنتی ہے۔

مزید پڑھیں:  تجربہ کرکے دیکھیں تو!