مقبوضہ کشمیر میں آج مکمل ہڑتال کی جائیگی

مقبوضہ کشمیر میں حریت پسند رہنما افضل گورواور مقبول بٹ کے یوم شہادت کے موقع پر آج (اتوار) اور منگل کو مکمل ہڑتال کی جائیگی۔ہڑتال کی اپیل کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی، میرواعظ عمر فاروق کی سربراہی میں قائم حریت فورم اور حریت پسند تنظیموں نے کی ہے جس کا مقصد شہداء کے مشن اور آزادی کی جدوجہد کو آگے بڑھانے کیلئے اپنے عزم کی تجدید کرنا ہے۔بھارت نے کشمیر کی جدوجہد آزادی میں کردار ادا کرنے پر 2013 میں آج ہی کے دن محمد افضل گوروکو اورگیارہ فروری 1984 میں محمد مقبول بٹ کو نئی دلی میں تہار جیل میں پھانسی دی تھی اور ان کے جسد خاکی جیل کے احاطے میں سپردخاک کردئیے گئے تھے۔اپنے الگ الگ بیانات میں حریت رہنمائوں نے کہا ہے کہ بھارت نے کشمیری عوام کی آواز دبانے کیلئے حریت رہنمائوں کو پھانسیاں دیں تاہم وہ اپنے مذموم عزائم میں بری طرح ناکام ہوگیا ہے۔