UN ffeatured 750x369 1

اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل کا دورہِ پاکستان کا امکان

واشنگٹن: رواں ماہ پناہ گزینوں سے متعلق ایک کانفرنس میں شرکت کے لیے اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس کا پاکستان کے دورے کا امکان ہے۔

اقوام متحدہ اور سفارتی ذرائع نے بتایا کہ انتونیو گوتریس کا رواں ماہ کے اواخر میں دورہ پاکستان متوقع ہے۔

اسلام آباد سے جاری ایک سرکاری بیان میں کہا گیا کہ پاکستان، ملک میں افغان مہاجرین کی موجودگی کے 40 برس مکمل ہونے پر رواں ماہ ایک بین الاقوامی کانفرنس منعقد کرے گا۔

بیان کے مطابق ’افغان مہاجرین کی پاکستان میں موجودگی کے 40 سال: یکجہتی کے لیے ایک نئی شراکت داری‘ کے عنوان سے 2 روزہ کانفرنس اسلام آباد میں 17 اور 18 فروری کو منعقد کی جائے گی۔

مزید پڑھیں:  امریکی یونیورسٹی میں اسرائیل مخالف احتجاج پر 100سے زائد طلباگرفتار

وزارت خارجہ کے جاری بیان میں کہا گیا کہ اس کانفرنس کا افتتاح وزیر اعظم عمران خان کریں گے، جس میں 20 ممالک سے شرکا آئیں گے۔

اس حوالے سے نیویارک میں موجود ذرائع کا کہنا تھا کہ چونکہ اقوامِ متحدہ کا کمیشن برائے مہاجرین (یو این ایچ سی آر) اس کانفرنس کا شریک میزبان ہے اس لیے اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل اور دیگر اہم اعہدیدار بھی شرکت کریں گے۔

اقوامِ متحدہ کے علاوہ کثیر الجہتی ترقیاتی بینکس، مہاجرین کے بین الاقوامی ادارے اور بڑی غیر سرکاری تنطیمیں بھی اپنے نمائندوں کو اس میں شرکت کے لیے بھیجیں گی۔

مزید پڑھیں:  اسرائیلی کارروائی پر فیصلہ کن جواب دیں گے ،ایران

اس ضمن میں اسلام آباد میں ترجمان دفتر خارجہ نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’اس کانفرنس کا انعقاد (ایک ایسے) انتہائی اہم موقع پر کیا جائے گا کہ جب افغانستان میں امن کو مستحکم کرنے کی کوششوں میں پیش رفت ہورہی ہے‘۔

دوسری جانب واشنگٹن میں موجود سفارتی مبصرین کا کہنا تھا کہ اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل ایسے وقت میں اسلام آباد پہنچیں گے کہ جب مقبوضہ کشمیر کو بڑے انسانی اور سیکیورٹی بحران کا سامنا ہے۔