مصباح کا خلا پُر کرنے کیلیے سرفراز نے کمر کس لی : ٹیسٹ قیادت

لاہور: سرفراز احمد ٹیسٹ کپتان دوہرے چیلنج کیلیے تیار ہے، انھوں نے ملکی تاریخ کے کامیاب ترین قائد مصباح الحق کا خلا پُرکرنے کیلیے کمر کس لی۔ محدود اوورز کی کرکٹ میں شاندار ریکارڈ کے حامل کپتان سرفراز احمد نے ابھی تک مجموعی طورپر 17 ون ڈے اور ٹوئنٹی 20 میچز میں سے 14 جیتے ہیں، چیمپئنز ٹرافی کی صورت میں ایک بڑی کامیابی بھی ان کے نام پر درج ہوچکی، ماضی میں کسی کپتان کو اس ٹائٹل پر قبضہ جمانے کا موقع نہیں مل سکا تھا۔
گزشتہ دنوں چیئرمین پی سی بی شہریار خان نے ٹیسٹ ٹیم کی قیادت بھی ان کے سپرد کردی،یوں 5 سال بعد تینوں فارمیٹ کا ایک ہی کپتان بنانے کا تجربہ کیا جا رہا ہے، وکٹ کیپر بیٹسمین کو پاکستانی ٹیسٹ تاریخ کے کامیاب ترین کپتان مصباح الحق کا خلا پُر کرنا ہے، سرفراز احمد یہ بھاری ذمہ داری بھی اٹھانے کیلیے تیار نظر آتے ہیں۔