eid in kp announced after consulting pm shaukat yousafzai 1559634496 9860

ترقیاتی منصوبوں کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا، شوکت یوسفزئی

پشاور(مشرق نیوز) خیبرپختونخوا کے وزیر اطلاعات شوکت یوسفزئی سے کا لاخیل مائن41میں شہید ہونے والے انجینئر نیک محمد کے بھائی انجنیئر معراج نے ان کے دفتر میں ملاقات کی اور مائن 41 میں جاری ریسکیو آپریشن پر تفصیلی گفتگو کی۔ ملاقات میں پی ٹی آئی ملاکنڈ کے نائب صدر سدید الرحمن اور شانگلہ میں پی ٹی آئی کے قومی اسمبلی کے امیدوار وقار خان بھی شریک تھے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ انجنیئر نیک محمد پارٹی کا اثاثہ تھے ان کی شھادت سے ذاتی طور پر دلی دکھ اور صدمہ پہنچا ہے۔ نیک محمد نے دوسرے مائن ورکرزکی جان بچاتے ہوئے اپنے جان کی قربانی دی ۔انہوں نے کہا کہ حکومت ریسکیو آپریشن کو کامیاب بنانے کے لئے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے۔ نیک محمد کے بچوں کو تعلیم کی فراہمی اور امداد کے لئے جو بھی ممکن ہوا کیا جائے گا۔ شوکت یوسفزئی نے کہا کہ سیاست سے بالاتر ہو کر مشکل حالات میں انجینئر نیک محمد کے خاندان کے ساتھ کھڑے ہیں کیونکہ غمزدہ خاندان کے جذبات اور احساسات سے بخوبی واقف ہیں۔ بعد میں صوبائی وزیر سے مختلف علاقوں سے آئے ہوئے وفود نے بھی ملاقات کی اور اپنے علاقے کے مسائل سے آگاہ کیا۔ شوکت یوسفزئی نے وفود کو مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی عوامی خدمت پر یقین رکھتی ہے اور عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ترقیاتی منصوبے عوام کے ٹیکس کے پیسوں سے عوام کی فلاح و بہبود کیلئے شروع کئے جاتے ہیں اسلئے ان کے میں معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔انہوں نے وفود پر زور دیا کہ ترقیاتی منصوبوں میں جہاں بھی کوئی کوتاہی ہو رہی ہو تو متعلقہ اداروں کو اطلاع دی جائے تاکہ ذمہ داروں کے خلاف بروقت ایکشن لیا جا سکے۔

مزید پڑھیں:  نومنتخب امیر حافظ نعیم الرحمان عوام کی حقیقی ترجمانی کرینگے، بیرسٹر سیف