download 34

پی ایس ایل کا پانچواں ایڈیشن جمعرات سے شروع ہوگا

اسلام آباد ۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے زیر اہتمام پاکستان سپر لیگ کا پانچواں ایڈیشن رنگا رنگ تقریب کے ساتھ جمعرات سے کراچی میں شروع ہوگا جبکہ تقریب رونمائی بدھ کو ہوگی، تقریب میں چیئر مین پی سی بی احسان مانی، تمام فرنچائز کے مالکان اور تمام ٹیموں کے کپتان شرکت کریں گے، افتتاحی تقریب میں 350 فنکار جلوہ گر ہوں گے جو اپنے فن اور رقص سے تقریب کو چار چاند لگائیں گے، افتتاحی تقریب میں فنکار پاپ، راک، صوفی اور علاقائی موسیقی سے شائقین کے جوش کو دوبالہ کریں گے، معروف گلوکار راحت فتح علی خان، ابرار الحق، سجاد علی، صنم ماروی، آئمہ بیگ، ابو محمد، فرید ایاز، سوچ بینڈ، عارف لوہار، علی عظمت، عاصم اظہر اور ہارون اپنی آواز کا جادو جگائیں گے اس کے علاوہ افتتاحی تقریب میں آتش بازی کا بھی شاندار مظاہرہ کیا جائے گا۔ ایچ بی ایل پی ایس ایل فائیوکے تمام میچز پاکستان میں کھیلے جائیں گے اور یہ پہلی مرتبہ ہوگا جب پی ایس ایل کے تمام میچز پاکستان کی سرزمین پر کھیلے جائیں گے۔ 2016ء سے شروع ہونے والی لیگ درجہ بدرجہ پاکستان منتقل ہوئی۔ لیگ کے پہلے ایڈیشن کے تمام میچز متحدہ عرب امارات میں کھیلے گئے تاہم ایونٹ کے دوسرے ایڈیشن میں ٹورنامنٹ کو پاکستان لانے کا آغاز کیا گیا تھا۔ لیگ میں دنیا بھر کر نامور کھلاڑی ایکشن میں نظر آئینگے۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم لیگ میں ٹائٹل کا دفاع کریگی۔ غیر ملکی کھلاڑیوں کی پاکستان آمد کا سلسلہ جاری ہے، مہمان کھلاڑی کے تحفظ کے لئے سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے گئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق ایچ بی ایل پی ایش ایل کے پانچویں ایڈیشن کا آغاز خوبصورت رنگا رنگ تقریب کے ساتھ جمعرات سے ہوگا، بدھ کو سہ پہر ساڑھے 3بجے ایچ بی ایل پی ایس ایل فائیو کی ٹرافی کی نیشنل سٹیڈیم کراچی میں تقریب رونمائی ہوگی۔ تقریب میں چیئر مین پی سی بی احسان مانی، تمام فرنچائز کے مالکان اور تمام ٹیموں کے کپتان شرکت کریں گے۔ تقریب رونمائی کے بعد چیئرمین پی سی بی احسان مانی اور تمام فرنچائز نیشنل سٹیڈیم کراچی میں پریس کانفرنس کریں گے۔ 20 فروری کو شام 6 بجکر 45 منٹ پر ایچ بی ایل پی ایس ایل فائیو 2020ء کی افتتاحی تقریب کا آغاز ہوگا۔ ایونٹ کی افتتاحی تقریب میں350 فنکار اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے، ایچ بی ایل پی ایس ایل فائیو کی افتتاحی تقریب میں شوبز سے تعلق رکھنے والی نامور شخصیات شرکت کریں گی، جس میں فنکار اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے جبکہ گلوکار اپنی آواز کا جادو جگائیں گے۔ رنگا رنگافتتاحی تقریب میںمعروف گلوکار راحت فتح علی خان، ابرار الحق، سجاد علی، صنم ماروی، آئمہ بیگ، ابو محمد، فرید ایاز، سوچ بینڈ، عارف لوہار، علی عظمت، عاصم اظہر اور ہارون اپنی آواز کا جادو جگائیں گے اس کے علاوہ افتتاحی تقریب میں کیدوران آتش بازی کا بھی شاندار مظاہرہ کیا جائے گا۔ شاندار افتتاحی تقریب کے بعد رات 9 بجے نیشنل سٹیڈیم کراچی میں دفاعی چیمپئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور اسلام آباد یونائیٹڈکے درمیان افتتاحی میچ کا آغاز ہوگا۔ 21 فروری کو سہ پہر 3 بجے نیشنل سٹیڈیم کراچی میں کراچی کنگز اور پشاور زلمی کے درمیان میچ کھیلا جائے گا۔ رات 8 بجے قذافی سٹیڈیم لاہور میں لاہور قلندرز اور ملتان سلطانز کے درمیان کھیلا جائے گا۔ پہلی مرتبہ لیگ کے تمام میچز پاکستان میں کھیلے جائیں گے۔ لیگ میں 6 ٹیمیں ٹائٹل کے حصول کے لئے پنجہ آزما ہونگی جن کے درمیان 34 میچز مخلتف وینیو پر کھیلے جائیں گے، ابتدائی میچ 20 فروری کو کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان نیشنل سٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائے گا، لیگ میں شامل 6 ٹیموں جن میں اسلام آباد یونائیٹڈ، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز، کراچی کنگز، لاہور قلندرز، پشاور زلمی اور ملتان سلطانز شامل ہیں فائنل سمیت 34 میچز کھیلے جائیں گے۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کی قیادت شاداب خان کرینگے، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی کپتانی سرفراز احمد کرینگے، کراچی کنگز کی کمان عماد وسیم کو سونپی گئی ہے ، لاہور قلندرز سہیل اختر کی زیر قیادت میدان میں اترے گی، پشاور زلمی کی قیادت ویسٹ انڈیز سے تعلق رکھنے والے کھلاڑی ڈیرن سمی کرینگے جبکہ ملتان سلطانز ٹیم کی قیادت شان مسعود کرینگے۔ لیگ کے کامیاب انعقاد کے لئے تیاریاں عروج پر ہیں اور اپنے اختتامی مراحل میں داخل ہیں۔ لیگ کے 14 میچز لاہور، 9 کراچی، 8 راولپنڈی اور 3 ملتان میں کھیلے جائیں گے۔ لیگ کا فائنل میچ 22مارچ کو قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا۔ ایونٹ کا افتتاحی میچ دفاعی چیمپئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان کھیلا جائے گا۔ دونوں ٹیمیں اس سے قبل لیگ کے پہلے ایڈیشن کے افتتاحی میچ میں بھی مدمقابل آئی تھیں۔ لیگ میں دنیا بھر کے نامور کرکٹرز شرکت کررہے ہیں۔ امید کی جاری ہے کہ لیگ کے پانچویں ایڈیشن میں بھی مداحوں کو سنسنی سے بھر پور میچز دیکھنے کو ملیں گے۔

مزید پڑھیں:  فیفا ورلڈ کپ کوالیفائر: پاکستان کو اردن کے ہاتھوں بھی شکست