IMRAN KHAN 2

پنجاب میں بڑے ڈاکوؤں کو پکڑنے کا ٹاسک آئی جی پنجاب کو دیدیا ہے- وزیراعظم عمران خان

وزیراعظم عمران خان نے کندیاں میں پودا لگا کر موسم بہار کی شجرکاری مہم کا افتتاح کیا

وزیر اعظم نے شجرکاری مہم کی  تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم پنجاب میں آئی جی لے کر آئے ہیں اور ان کو کہا ہے کہ بڑے ڈاکوؤں کو پکڑیں کیونکہ چھوٹے چوروں کو پکڑنے سے چوری نہیں ختم ہوتی، ہماری حکومت نے پہلی مرتبہ اس طرح کا اقدام کیا ہے جس سے امید ہے کہ کرپشن کم ہوگی-

انہوں نے کہا کہ ‘کوئی ملک ایسے ترقی نہیں کرتا جہاں زیادہ تر پیسہ چھوٹے سے علاقے میں خرچ ہو، ہمارا فرض ہے کہ غریب اور کمزور علاقوں پر زیادہ پیسہ خرچ کیا جائے-

مزید پڑھیں:  وزیراعظم شہباز شریف کی چینی باشندوں کی سیکیورٹی یقینی بنانے کی ہدایت

ان کا مزید کہنا تھا کہ ‘ریاست کی ذمہ داری ہونی چاہیئے روزگار دینا اور اگر روزگار نہ دلواسکیں تو ریاست کی جانب سے معاوضہ دیا جانا چاہیے –

وزیراعظم عمران خان کا میانوالی میں شجرکاری مہم کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ پاکستان کے لیے شجر کاری بہت اہم ہے لیکن نوجوانوں میں احساس نہیں کہ شجر کاری کتنی اہمیت کی حامل ہے-

انہوں نے کہا کہ انگریز جو جنگل چھوڑ کر گئے ہم نے وہ بھی تباہ کر دیئے، میں نے اپنی زندگی میں جنگلات کو تباہ ہوتے دیکھا، چھانگا مانگا میں بڑے درخت ہی نہیں رہے، لوگوں نے زمینوں پر قبضے کر لیئے۔

مزید پڑھیں:  بونیر، گاڑی کھائی میں گرنے سے 8افراد جاں بحق

عمران خان نے کہا کہ کندیاں میں جو پودے لگائے ہیں، اس جنگل کی ذمہ داری اب آپ لوگوں کی ذمہ داری ہے کیونکہ جب یہ جنگل لوگوں کو نوکریاں دے گا تو اس وقت آپ کو اس جنگل کی اہمیت کا اندازہ ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ کندیاں میں بیری کے درختوں سے شہد حاصل ہو گا لیکن اگر جنگل تباہ کر دیئے تو موسمیاتی تبدیلی ہمارا مستقبل تباہ کر دے گی۔

انہوں نے کہا کہ ‘پنجاب حکومت میانوالی پر پیسہ خرچ کر رہی ہے، ہم یہاں کے اسکول اور ہسپتال ٹھیک کر رہے ہیں اور پانی کا مسئلہ بھی حل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں-