شجرکاری مہم کا افتتاح، مزید ایک ارب پودے لگائیں گے،محمود خان

پشاور(مشرق نیوز)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے وزیراعلیٰ ہاؤس پشاور میں پودا لگا کر موسم بہار کی شجرکاری مہم کا باقاعدہ طور پر آغاز کیاہے۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ نے کہا کہ رواں سال موسم بہار کی شجر کاری مہم نئے ولولے اور جوش و جذبے کیساتھ شروع کی جارہی ہے انہوںنے کہا بڑھتی ہوئی ماحولیاتی آلودگی ، موسمیاتی تغیر ، خشک سالی ، طغیانی اور سیلاب کے واقعات کرہ ارض کیلئے سنگین خطرہ بنتے جارہے ہیں، جس کے لئے پیشگی تیاری ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا موسمیاتی تغیریات کے باعث شجرکاری کی اہمیت مزید بڑھ گئی ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ تحریک انصاف نے گزشتہ دور حکومت میں ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ گرین گروتھ پروگرام کے تحت بلین ٹری افاریسٹیشن منصوبہ مکمل کیا تھا جس کے خاطر خواہ نتائج برآمد ہورہے ہیں ۔ منصوبے کی مقبولیت کی بدولت اب وفاقی حکومت کے تحت ملک بھر میں10 ارب پودے اُ گانے کا منصوبہ روبہ عمل ہے جس میں پاکستان تحریک انصاف کی موجودہ صوبائی حکومت مزید ایک ارب پودے لگائے گی ۔ انہوں نے کہا موجودہ حکومت شجرکاری کرکے آنے والے نسلوں کو ایک محفوظ اور صاف ماحول فراہم کرنے کیلئے کوشاں ہے، جبکہ شجرکاری سے صوبے میں سیاحتی سرگرمیوںکو مزید فروغ بھی ملے گا۔ انہوں نے اپیل کی کہ عوام اور دیگر سرکاری و غیر سرکاری ادارے شجرکاری کو اپنا شعار بنائیں اور سال میں دو دفعہ شجرکاری کی مہمات میں موثر حصہ لیکر اسے کامیاب بنانے میں حکومت کا ساتھ دیں تاکہ ہمار ا صوبہ سرسبز و شاداب ہو سکے اور مطلوبہ بین الاقوامی معیار بھی حاصل کر سکے ، دریںاثناء شجر کاری مہم بارے تفصیلات بتاتے ہوئے سیکرٹری انوائرنمنٹ نے کہا کہ سال 2019-20 کیلئے 10کروڑ پودوں کی شجرکاری کا ہدف مقرر کیا گیا تھا ، جس کی مد میں اب تک مقررہ ہدف سے تجاوز کرکے 14کروڑ پودے لگائے جا چکے ہیں، جبکہ رواں سال جون تک 18کروڑ پودوں کی شجر کاری مکمل کر لی جائیگی۔