ہر مسلمان عورت کا رول ماڈل حضرت فاطمتہ الزہرا کی سیرت طیبہ اورامہات المومنین ہیں- ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان

اسلام آباد : معاون خصوصی اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے اپنے ٹویٹ پیغام میں کہا ہے کہ ہر مسلمان عورت کا رول ماڈل حضرت فاطمتہ الزہراکی سیرت طیبہ اور امہات المومنین جیسی جلیل القدر ہستیاں ہیں ۔ پہلی مسلمان خاتون حضرت خدیجہ الکبری تجارت پیشہ تھیں ۔ اِسلامی تاریخ کے یہ روشن کردار ہمارے لئے مشعل ِراہ ہیں ۔ان کا مزید کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں موجودہ حکومت خواتین کے ہرقسم کے استحصال کے خلاف ہے اورانکے آئینی،قانونی،سیاسی، سماجی اورمعاشی حقوق کے تحفظ کیلئے پرعزم ہے۔عورتوں کے حق وراثت سے لے کر زینب الرٹ بل کی منظوری تک کے اقدامات عورتوں کے حقوق کیلئے حکومت کے پختہ عزم اورسوچ کاواضح اظہارہے ،معاون خصوصی اطلاعات نے اپنے ٹویٹ پیغام میں مزید کہا کہ وجود کی نمائش خود عورت کی توہین ہے۔خاتون کی عزت و وقار اس کی حیا ہے ۔ میڈیا یا کسی بھی فورم پہ عورت کی تضحیک و تذلیل ناقابلِ قبول رویہ ہے۔ٹی وی چینل پر پیش آنے والا واقعہ قابل افسوس ہے ۔ میڈیا کو ایسے حساس معاملات پر زیادہ ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا چاہیے ۔