شکرپڑیاں کے قریب پاک فضائیہ کا ایف-16 طیارہ گر کر تباہ

اسلام آباد: شکرپڑیاں کے قریب پاک فضائیہ کا ایف-16 طیارہ گر کر تباہ ہوگیا۔ طیارہ مشہور چاندتارا چوک کے قریب جنگل میں گر کر تباہ ہوا، جس کے بعد طیارے میں آگ لگ گئی اور جائے حادثہ سے دھوئیں کے بادل اٹھتے دیکھے گئے، طیارہ جس مقام پر گرا اس کے پیچھے پاکستان اسپورٹس بورڈ امپلائی کالونی بھی واقع ہے۔ترجمان پاک فضائیہ کی جانب سے حادثے کی تصدیق کردی گئی ہے اور بتایا گیا ہے کہ ایف-16 طیارہ 23 مارچ یوم پاکستان پریڈ کے لیے ریہرسل کر رہا تھا کہ اس دوران شکر پڑیاں کے قریب گر کر تباہ ہوگیا۔ترجمان پاک فضائیہ کا کہنا ہے کہ حادثے کی تحقیقات کے لیے ائیرہیڈکوارٹرز میں اعلی سطح کا انکوائری بورڈ تشکیل دے دیا گیا ہے۔پولیس کے مطابق حادثے کی جگہ کو سیکیورٹی اداروں نے گھیرے میں لے لیا ہے، ریسکیو ٹیمیں بھی جائے حادثے پر موجود ہیں اور امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔