16 ارب روپے واپس

فنڈز بندش کی وجہ سے ہیلتھ ترقیاتی بجٹ کے 16 ارب روپے واپس

ویب ڈیسک: فنڈز کی بندش کے نتیجے میں محکمہ صحت کے لئے رواں مالی سال مختص 24 ارب روپے بجٹ میں سے صرف 8 ارب روپے اب تک جاری کئے گئے ہیں جبکہ 16 ارب روپے سے زائد پیسے خرچ نہ ہونے کی وجہ سے واپس محکمہ خزانہ کو واپس کردئیے جائیں گے۔ مالی بحران کی وجہ سے 41 سکیمیں بھی رواں سال 30 جون کو مکمل نہیں ہوسکی ہیں۔ پی اینڈ ڈی کے ذرائع نے بتایا کہ جاری مالی سال میں محکمہ صحت کے 132 منصوبوں کیلئے 23.4 ارب روپے مختص کئے گئے تھے، جس میں سے اب تک صرف 8 ارب روپے جاری ہوئے ہیں اور گذشتہ سال اکتوبر کے بعد سے فنڈز کا اجرا بند کردیا گیا ہے۔ اس صورتحال میں محکمہ صحت کا ترقیاتی پلان مکمل طور پر متاثر ہوا ہے اور تکمیل کے قریب منصوبے بھی شدید مالی بحران کی زد میں آئے ہیں۔ ذرائع نے بتایا کہ صوبے کے مختلف اضلاع بشمول پشاور میں محکمہ صحت نے مالی سال کے اختتام یعنی 30 جون تک 41 سکیمیں مکمل ہونے کا ہدف مقرر کیا تھا لیکن ان میں سے ایک منصوبہ بھی مکمل نہیں ہوسکے گا اور اگلے مالی سال پر منتقلی کی وجہ سے ان منصوبوں کیلئے مزید فندز درکار ہوں گے۔ چونکہ ڈالر کے نرخوں میں اضافہ کی وجہ سے بیرون ممالک سے منگوائی جانے والی مشینری کی قیمتوں میں بے تحاشا اضافہ ہوا ہے اس لئے اگلے مالی سال میں ان منصوبوں کے پی سی ون پر دوبارہ نظر ثانی کی ضرورت ہوگی اور پیسے بڑھانا ہوں گے۔

مزید پڑھیں:  ججز کا خط: پاکستان بار کونسل کا تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دینے کا مطالبہ