arif alvi 1

صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی کی، وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی اور وزیر منصوبہ بندی اسد عمر کے ہمراہ بیجنگ میں پاکستانی طلباء کے ساتھ ملاقات

پاکستانی طلباء نے صدر پاکستان، وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی اور وزیر منصوبہ بندی کو بیجنگ میں خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ ہم چینی حکومت کے تہہ دل سے شکر گزار ہیں کہ انہوں نے بہترین انداز میں ہمارا خیال رکھا اور ہم حکومت پاکستان بالخصوص وزیر اعظم عمران خان کے بھی بے حد شکر گزار ہیں کہ انہوں نے فرمان نبوی صل اللہ علیہ والہ وسلم پر عمل کرتے ہوئے ہمیں وبا سے متاثرہ علاقے سے نہیں نکالا-اب چین نے اس وبا پر قابو پا لیا ہے ہمیں اپنی پاکستانی قوم کو ان حفاظتی اقدامات سے آگاہ کرنا ہو گا تاکہ وہ احتیاطی تدابیر کو اپنا کر اس وبا کا شکار ہونے سے بچ سکیں

صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے چینی قیادت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے، طلباء کو مبارکباد دی کہ وہ ماشاءاللہ سب صحت مند ہیں – صدر پاکستان نے کہا کہ چینی حکومت بھی پاکستان کے فیصلے کو سراہتی ہے کیونکہ اس وبا کا علاج دریافت نہیں ہوا صرف احتیاط ہی اس سے بچنے کا واحد راستہ ہے-انہوں نے طلباء سے کہا کہ وہ سوشل میڈیا کو بروئے کار لا کر پاکستانی عوام میں اس وبا سے بچنے کیلئے آگاہی مہم شروع کریں

مزید پڑھیں:  خیبرپختونخوا حکومت امن کے قیام میں ناکام ہو چکی، بلاول بھٹو

طلباء نے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کی مکمل معاونت اور بیجنگ میں پاکستانی سفارت خانے کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستانی سفارتخانے نے وزیر خارجہ کی ہدایت پر لمحہ بہ لمحہ ہماری مدد کی اور اس مشکل گھڑی میں ہمارا بھرپور ساتھ دیا

وزیر خارجہ نے بھی طلباء سے کہا کہ وہ سوشل میڈیا کے ذریعے پاکستانیوں کی آگاہی کیلئے ویڈیوز بنا کر شئر کریں تاکہ آپ کے تجربات سے پاکستانی عوام مستفید ہو سکیں – انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے پاکستان کو اب اس کرونا چیلنج کا سامنا ہے اور ایک موت بھی واقع ہو چکی ہے آپ کیونکہ اس مرحلے سے گزر چکے ہیں آپ کی رہنمائی بہت معاون ثابت ہو گی

وزیر خارجہ نے کہا کہ جب چین میں کرونا وائرس کی وبا پھوٹی تو پاکستانی طلباء نے "وہان اسٹوڈنٹ گروپ” بنایا اور اس کے ذریعے طلباء اپنے خدشات اور صورتحال کا اظہار کرتے تھے جس سے ہمیں صورتحال کی نزاکت کا ادراک رہتا تھا آج اگر آپ اس ساری صورتحال سے مطمئن ہیں تو میری گذارش ہو گی کہ آپ اسی سوشل میڈیا گروپ کو بروئے کار لاتے ہوئے اپنی پاکستانی قوم کی رہنمائی کریں انہیں حوصلہ دیں اور اس وبا سے پچنے کے لیے ان کی رہنمائی کریں

مزید پڑھیں:  یو اے ای میں‌بارشوں کے باعث پاکستانی قونصل خانہ بند ، اعلامیہ جاری

وزیر خارجہ نے کہا کہ ہم واپس پاکستان جا کر آپ کا پیغام پوری قیادت کو دیں گے انہوں نے بیجنگ میں پاکستانی سفارتخانے کے دو افسران جنید اور سلمان کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ نوجوان ہمارے قومی ہیرو ہیں جنہوں نے اس کڑے وقت میں پاکستانی طلباء کی مدد کی

صدر پاکستان نے مزید کہا کہ چین میں مقیم پاکستانی طلباء غازی ہیں کیونکہ وہ اس وبا کے خلاف جنگ میں کامیابی سے ہمکنار ہوئے ہیں

وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر نے طلباء سے کہا کہ اس وقت آپ کے پیغام کی تاثیر کسی بھی وفاقی وزیر کے پیغام سے زیادہ ہے لہذا آپ لوگ پاکستانیوں کی رہنمائی کیلئے سوشل میڈیا کے ذریعے آگاہی مہم چلائیں