AR 200139889

23 مارچ یوم پاکستان کے موقع پر وزیراعظم عمران خان کاقوم کے نام پیغام

اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ 23مارچ ہماری قومی تاریخ کا وہ سنہرا دن ہے جب برصغیر پاک و ہند کے مسلمانوں نے ہندو اکثریت کے ظلم و جبر اور غلامی کی زنجیروں سے چھٹکارا حاصل کرنے کے لیے ایک آزاد اور خود مختار مسلم ریاست کے قیام کا فیصلہ کیا-اس روز قائد اعظم کی قیادت میں متحدہ ہندوستان کے مسلمانوں نے اپنی تہذیب و تمدن کے تحفظ، اپنی بقا اور سماجی و معاشی ترقی کے لئے اس بے مثال جستجو کا آغاز کیا ،جس کے نتیجے میں دنیا کے نقشے پر ایک آزاد و خود مختار مسلم ریاست معرض وجود میں آئی۔ قیام پاکستان کی بدولت برصغیر پاک و ہند کے مسلمانوں کو اپنے تہذیبی تشخص کو پروان چڑھانے، مذہبی آزادی اور ترقی کے مساوی حقوق میسر ہوئے جو متحدہ ہندوستان کی ہندو اکثریت ان سے سلب کرنے پر تلی تھی۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ ستر سال کے حالات و واقعات ہمارے آبا و اجداد کی بصیرت اور سوچ کی وسعت و صداقت کی گواہی دیتے ہیں۔ آج کا دن ہمیں شاعر مشرق علامہ محمد اقبال کے افکار اور بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح کے فرمودات کی طرف رجوع کرنے کی ترغیب دیتا ہے تاکہ ہم ان مقاصد کا حصول ممکن بنائیں ،وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ جو قیام پاکستان کے وقت بحیثیت قوم ہمارا نصب العین تھے اور جن کے حصول کے لئے ہمارے آبا و اجداد نے اپنا سب کچھ قربان کیا۔مجھے یہ کہتے ہوئے نہایت فخر محسوس ہوتا ہے کہ پاکستانی قوم کسی بھی مصیبت اور مشکل کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ اس سال یوم پاکستان مناتے ہوئے ہمیں اپنی صفوں میں اتحاد، نظم و ضبط اور جذبے کی ضرورت ہے تاکہ ہم اس آفت کا مقابلہ کرسکیں جس نے پوری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے۔وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ میں اپنے ہم وطنوں سے درخواست کرتا ہوں کہ وہ خوف میں مبتلا نہ ہوں بلکہ حفاظتی تدابیر اختیار کریں۔ میں بذات خود اس وبا سے مقابلہ کرنے کیلئے حکومتی اقدامات کی نگرانی کر رہا ہوں۔ انشا اللہ، ہم اس آزمائش میں کامیاب ہوں گے۔اُن کا مزید کہنا تھا کہ آج ہم مقبوضہ جموں وکشمیر کے مظلوم عوام سے بھرپور اظہار یکجہتی کرتے ہیں جو 231دنوں سے اپنی ہی سرزمین پر نہ صرف مقید ہیں بلکہ بھارت کے ریاستی ظلم و جبر کا دلیری سے مقابلہ کر رہے ہیں۔ وزیر اعظم عمران خان نے بتایا کہ تنازعہ کشمیر بر صغیر پاک و ہند کی تقسیم کا نامکمل ایجنڈا ہے۔آج کے دن ہم اس عزم کا اعادہ کرتے ہیں کہ پاکستان مقبوضہ جموں وکشمیر کے عوام کے حق خود ارادیت کی جدوجہد کی بھرپور اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔اللہ تعالی ہمیں اپنے قومی مقاصد کے حصول میں کامیابی عطا فرمائے اور موجودہ آزمائش میں ہمیں ثابت قدم رہنے کا حوصلہ و ہمت عطا فرمائے۔ آمین۔

مزید پڑھیں:  پاکستان کی اسرائیل کو ہتھیاروں کی فراہمی پر پابندی کی حمایت