تعمیراتی شعبے کو صنعت کا درجہ سمیت مراعاتی پیکج دینے سے دیگر صنعتوں کو فروغ ملے گا

اسلام آباد: ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ تعمیراتی شعبے کیلئے مراعاتی پیکج اور صنعت کا درجہ دینے سے دیگر صنعتوں کو فروغ ملے گا، وزیراعظم کا یہ اقدام امید نو اور ترقی کا پیغام ہے، مزدور طبقے سے سرمایہ دار برادری سب اس سے استفادہ حاصل کریں گے۔ اتوار کو اپنے ٹویٹ میں معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ فکسڈ ٹیکس کا مطالبہ تسلیم کرتے ہوئے سیمنٹ اور سٹیل انڈسٹری کے سوا تمام تعمیراتی شعبوں پر ود ہولڈنگ ٹیکس ختم کر دیا گیا، تعمیراتی شعبے کے تحریک پانے سے دیگر صنعتوں کو نئی زندگی ملے گی جس سے ہنرمند اور غیرہنرمند محنت کش مستفید ہوںگے، یہ پیکیج تعمیر وطن، عوام کی خوشحالی اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے میں سنگ میل ثابت ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ نیا پاکستان ہاؤسنگ پروگرام میں سرمایہ کاری کرنے والوں سے صرف 10 فیصد ٹیکس لیا جائے گا جبکہ 90 فیصد ٹیکس رعایت دی جارہی ہے، تعمیرات کے شعبے کی ترقی محنت کشوں، مزدوروں کی ترقی ہے۔