لکی مروت، گھر سے 6 بچوں سمیت 10 افراد کی لاشیں برآمد

ویب ڈیسک: ضلع لکی مروت کے علاقے تختی خیل میں گھر سے 10 افراد کی لاشیں برآمد کی گئی ہیں جن میں 2 مرد، 2 خواتین اور 6 بچے شامل ہیں۔ اس حوالے سے پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ تمام لاشیں ایک ہی خاندان کے افراد کی ہیں، مکان میں دو بھائی عملدار اور تابعدار رہائش پزیر تھے۔
پولیس ذرائع کے مطابق بدقسمت خاندان کے بارے میں آج صبح اہل علاقہ کو پتہ چلا کہ گھر میں لاشیں پڑی ہیں جن کا گھر گاوں سے باہر اپنی زمینوں میں ہے۔
پولیس کی تحقیقات کے مطابق یہ واقعہ 3،4 روز پہلے کا معلوم ہوتا ہے، اس سلسلے میں پولیس نے مزید تفتیش شروع کردی جبکہ لاشوں کو ٹی ایچ کیو نورنگ منتقل کیا گیا ہے۔ اہالیان علاقہ کی جانب سے احتجاج کیلئے مساجد کے لاوڈ سپیکروں پر اعلانات کئَے گئے۔
ضلع لکی مروت میں پیش آنے والی خونیں واردات جس میں ایک گھر سے 6 بچوں سمیت 10 افراد کی لاشیں برآمد ہوئیں کے بارے میں تھانہ نورنگ میں رپورٹ کا اندراج کر دیا گیاہے۔
رپورٹ کے متن میں درج ہے کہ عملدار، تابعدار پسران دراز ساکنان شیخ نیازی کورونہ نزد گاؤں تختی خیل تھانہ نورنگ کو کسی نے اپنے ہی گھر میں بال بچوں سمیت گولی مار کر قتل کر دیا ہے۔
مقتولین میں عملدار بمعہ زوجہ، ایک بیٹی اور دو بچے جبکہ تابعدار بمعہ زوجہ، ایک بیٹی اور دو بچے شامل ہیں۔
رپورٹ کے مطابق آج شام مقتولین کا ایک بھائی گل زمان اس کے گھر آیا تو پتہ چلا کہ گھر میں یہ واردات ہوئی ہے۔

مزید پڑھیں:  جنگ بندی قرارداد کےبعد اسرائیلی بربریت میں تیزی،مزید26افرادشہید