پاکستان میں کورونا سے 86 اموات اور مریضوں کی تعداد پانچ ہزار سے بڑھ گئی

اسلام آباد: پاکستان میں مہلک وائرس نے مزید متعدد افراد کی جان لے لی، ملک میں ہلاکتوں کی تعداد 86 تک پہنچ گئی ہے۔ ہفتے کے روز پاکستان میں کورونا وائرس کے 244 نئے کیسز اور 6 اموات رپورٹ ہوئیں

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق پاکستان میں 5 ہزار 38 افراد میں کرونا وائرس کی تشخیص کی جا چکی ہے، اب تک وائرس کے باعث 86 اموات ہو چکی ہیں، جب کہ ملک میں کرونا کے 1026 مریض صحت یاب ہو کر گھروں کو لوٹ چکے ہیں۔

ملک بھر میں اب تک ہونے والی 86 ہلاکتوں میں سے سندھ میں 28 ہلاکتیں ہو چکی ہیں جب کہ خیبرپختونخوا میں 31 اور پنجاب میں 21 اموات ہوچکی ہیں۔

اس کے علاوہ گلگت بلتستان میں 3، بلوچستان 2 اور اسلام آباد میں ایک ہلاکت ہوئی ہے۔

ادارے کے اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں کرونا سے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 14 اموات ہوئیں، ملک بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 254 کرونا کیس رپورٹ ہوئے، 24 گھنٹوں کے دوران 2 ہزار 805 ٹیسٹ کیے گئے، پاکستان میں مجموعی طور پر اب تک 61 ہزار 801 کرونا ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔

کرونا وائرس کے حوالے سے اعداد وشمار پر نظر ڈالی جائے تو 26 فروری کو پہلے کیس سے 31 مارچ تک پاکستان میں 2007 کیسز تھے، تاہم یکم اپریل سے ان کیسز میں بہت تیزی سے اضافہ دیکھا جا رہا ہے، یکم اپریل سے لے کر اب تک پاکستان میں 1600 سے زائد کیسز ریکارڈ کیے جاچکے ہیں۔

آج اتوار اب تک کورونا وائرس کے 41 کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں جس میں سے پنجاب میں 39 جب کہ اسلام آباد اور  آزاد کشمیر میں ایک ایک کیس رپورٹ ہوا ہے، نئے کیسز سامنے آنے کے بعد ملک میں متاثرہ افراد کی تعداد پانچ ہزار سے بڑھ گئی ہے۔