2 137

مشرقیات

خلیفہ بن سلیمان بن عبد الملک شام سے جب حج کے لئے گیا تو مدینہ منورہ میں حضر ت امام ابو حازم سے اس کی ملاقات ہوئی ۔ اس ملاقات میںجو گفتگوہوئی ، اس کا خلاصہ یہ ہے ۔ سلیمان : روز قیامت بندوں کی ملاقات پروردگار سے کس صورت میں ہوگی ؟
ابو حازم : اگر بندہ دنیا میں نیکی کر کے گیا تو اس طرح ہوگی جیسے کوئی شخص مدت کے بغیر سفر کر کے اپنے گھر واپس پہنچے اور بہت سامان و اسباب ساتھ لائے ۔ اہل خانہ اس کی آمد سے خوش ہوں اورخوب خاطر داری کریں اور اگر وہ بدی کر کے گیا تو اس کا سامنا ایسے ہوگا ، جیسے کسی کا غلام چوری کر کے بھاگ گیا ہو اور آقا کے حضور لائیں ، وہ اس وقت آقا کے سامنے کتناشرمسار اور قابل نفرین ہوگا!۔
سلیمان : (آنکھوں میں آنسو لئے ہوئے ) کیا ہی اچھا ہوتا کہ میں اپنا حال جان لیتا کہ ان صورتوں میں سے کس صورت میں مالک کے سامنے میری پیشی ہوگی!
ابو حازم : یہ معلوم کرنا تو بالکل آسان ہے ۔ قرآن نے اس حقیقت سے پردہ اٹھا دیا ہے ۔
سلیمان : کس آیت میں ؟ ابو حازم : ترجمہ : ” بے شک نیک لوگ( جنت کی)نعمتوں میں ہوں گے اور بد کار جہنم میں ۔” اب تم خود ہی اپنے اعمال کا جائزہ لے لو کہ آیا تم ابرار میں سے ہو یا فجار میں سے ؟سلیمان : اگر انجام کا اعما ل پر منحصر ہے تو پھر رحمت کیا ہوئی ؟ابو حازم : یہ بات بھی قرآن مجید سے پوچھ لو۔
سلیمان : کس آیت سے ؟ابو حازم : ترجمہ :”یقینا اللہ کی رحمت محسن لوگوں کے قریب ہے ۔ ”
سلیمان : (خوف کی حالت میں روتے ہوئے بے حال ہو کر اٹھتا ہے اور کہتا ہے )تمہاری اس قسم کی باتیں سننے میں مجھ میں تاب نہیں۔ میر ا کلیجہ پھٹ جاتا ہے ۔
(قیامت کے منا ظر)
حضرت اما م اعظم ابو حنیفہ ایک مرتبہ طلبہ کو سبق پڑھا رہے تھے ، اتنے میں برقعے میں ایک عورت آئی۔ اس نے ایک سیب اور ایک چھری امام صاحب کو دی ۔ امام اعظم نے سیب کاٹا ، اس کا جواندر کا حصہ تھا ، وہ نکا ل کر چھری اور سیب عورت کو واپس کر دیا ۔طلباء کے استفسار پر آپ نے بتایاکہ وہ عورت مسئلہ پوچھنے آئی تھی۔ آپ نے فرمایا کہ سیب کے باہر کئی رنگ ہوتے ہیں ، کہیں مٹیالہ ہے ، کہیں مہندی کا رنگ ہے ،کہیں سبزہ ہے ،کہیں سرخ ہے ۔ عورت جب ناپاک ہوتی ہے تو خون کئی رنگ بدلتا رہتا ہے ۔ وہ یہ مسئلہ پوچھنے آئی تھی کہ کونسا رنگ نا پاکی کا ہے اور کونسا پاکی کا ہے کہ کب نماز شروع کی جائے ؟ اگرچہ سیب کے باہر بہت سے رنگ ہوتے ہیں ، لیکن اس کو کاٹیں تو اندر ایک ہی سفید رنگ ہے اور کوئی رنگ نہیں ۔ تو میں نے کاٹ کروہ سفید حصہ باہر کی طرف کر کے اس کو دیدیا کہ سوائے سفید کے سارے رنگ ناپاکی کے ہیں ۔ وہ خیر القرون کا زما نہ تھا ۔ اندازہ کریں کہ عورت کوبھی حق تعالیٰ نے کیسا دماغ دیا تھا کہ کس طرح مسئلہ پو چھا اور امام اعظم نے بھی کس انداز میں مسئلہ سمجھایا ۔
(حدیث اور سنت میں فرق ،بحوالہ منتخب واقعات)

مزید پڑھیں:  فیض آباد دھرنا ، نیا پنڈورہ باکس