الكريكيت في الإمارات العربية المتحدة مثيرة سناء مير

پاکستانی ویمن کرکٹ ٹیم کی سابق کپتان ثنا میر نے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا

ویب ڈسک : پاکستان کی ویمن کرکٹ ٹیم کی سابق کپتان، کرکٹر ثنا میر نے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے جاری کردہ ایک اعلامیے کے مطابق ثنا میر نے بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ گذشتہ چند ماہ کے دوران انھیں اپنے اس فیصلے کے بارے میں سوچنے کا بھرپور موقع ملا اور وہ یہ سمجھتی ہیں کہ زندگی میں آگے بڑھنے کا یہی بہترین وقت ہے۔

ان کے مطابق اس بات کی خوشی ہے کہ وہ اس کھیل کے ذریعے اپنے ملک کے لیے اپنا بہترین کردار ادا کرنے میں کامیاب رہی ہیں۔

ثنا میر نے دسمبر 2005 میں اپنا پہلا ون ڈے انٹرنیشنل سری لنکا کے خلاف کراچی میں کھیلا تھا جبکہ اپنے ٹی ٹوئنٹی کریئر کی ابتدا مئی 2009 میں آئرلینڈ کے خلاف کی تھی۔

انھوں نے اپنے 15 سالہ بین الاقوامی کریئر میں 120 ون ڈے انٹرنیشنل کھیلے جن میں تین نصف سنچریوں کی مدد سے 1630 رنز بنائے اور اپنی آف سپن بولنگ سے 151 وکٹیں بھی حاصل کیں۔

اس کے علاوہ انھوں نے 106 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچوں میں 802 رنز بنائے اور 89 وکٹیں حاصل کیں۔

مزید پڑھیں:  کراٹے کمبیٹ ،پاکستان نے انڈیا کو شکست دے دی

اس سال آسٹریلیا میں منعقد ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے اعلان کردہ پاکستانی ٹیم میں انھیں شامل نہیں کیا گیا تھا اور اس کی وجہ ان کی خراب فارم بتائی گئی تھی لیکن نامہ نگار عبدالرشید شکور کے مطابق پس پردہ اس کا سبب ان کے اور چیف سلیکٹر عروج ممتاز کے درمیان شدید اختلافات تھے۔

ثنا میر نے کہا کہ اپنے کریئر کے دوران وہ ویمنز کرکٹ کی چند بہترین کھلاڑیوں سے ملیں جن کی سوچ اور کارکردگی نے انھیں بھی ایک مضبوط کھلاڑی بننے میں مدد دی۔

ثنا میر اب تک 72 ون ڈے انٹرنیشنل میں پاکستانی ٹیم کی قیادت کر چکی ہیں جن میں سے 26 میچ انھوں نے جیتے۔ اس کے علاوہ وہ 65 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچوں میں بھی کپتان رہیں جن میں سے 26 میچ جیتے۔

ثنا میر نے 2013 اور 2017 کے آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ اور 2009، 2010، 2012 ،2014 اور 2016 کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاکستانی ٹیم کی قیادت کی۔

انھوں نے کہا کہ وہ جب اپنے کریئر پر نظر ڈالتی ہیں تو انھیں یہ دیکھ کر اطمینان ہوتا ہے کہ وہ ایک ایسے عمل کا حصہ رہی ہیں جس کے نتیجے میں خواتین کی کرکٹ نے دو بڑے مناظر دیکھے ہیں جو خواتین کی کرکٹ کی بڑی کامیابیاں کہی جاسکتی ہیں جیسا کہ لارڈز میں 2017ء کے ویمنز ورلڈ کپ کا فائنل اور اس سال میلبرن میں ویمن ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا فائنل جو کہ 87 ہزار افراد کی موجودگی میں کھیلا گیا۔

مزید پڑھیں:  کپتان بابراعظم عمران خان کا ریکارڈ توڑنے کے قریب

ثنا میر نے کہا کہ ان کے لیے پاکستان کی نمائندگی کرنا کسی اعزاز سے کم نہ تھا لیکن وہ مستقبل میں بھی کسی نہ کسی حیثیت میں ملک کی خدمت جاری رکھیں گی۔

وہ ان نو خواتین کرکٹرز میں شامل ہیں جنھوں نے ون ڈے انٹرنیشنل میں ایک ہزار سے زائد رنز اور سو سے زائد وکٹیں ایک ساتھ مکمل کیں۔

ثنا میر نے اکتوبر 2018 میں آئی سی سی کی خواتین عالمی رینکنگ میں نمبر ایک بولر کی پوزیشن حاصل کی تھی جبکہ کرکٹ کے معتبر جریدے وزڈن نے انھیں اپنی ایک دہائی کی بہترین ٹیم میں منتخب کیا تھا۔

وہ انڈیا کی متھالی راج کے ساتھ آئی سی سی کی ویمنز کرکٹ کمیٹی کا حصہ بھی ہیں۔

وہ ان دو پاکستانی ٹیموں میں بھی شامل تھیں جنھوں نے 2010 اور 2014 کے ایشین گیمز مقابلوں میں گولڈ میڈل جیتا تھا۔