حکومت محنت کشوں کی زندگی کے معیار کو بہتر بنانے کیلیے پرعزم ہے،عمران

اسلام آباد:وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ ان کی حکومت محنت کشوں کی زندگی کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے پرعزم ہے۔وزیراعظم عمران خان نے یوم مزدور کے حوالے سے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ کسی بھی ملک کی معاشی ترقی میں ورکرز کا کردار بہت اہم ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ دن محنت کشوں کے تقدس اور ملکی اقتصادی نمو کے لیے محنت کشوں کی اہمیت کے اعتراف کی علامت ہے، یہ دن ہمیں ان محنت کشوں کی یاد دلاتا ہے جنہوں نے اپنے حقوق کے لیے جانیں قربان کیں۔ان کا کہنا تھا کہ کورونا کی وجہ سے سب سے زیادہ روزانہ اجرت پر کام کرنے والے متاثر ہوئے ہیں، موجودہ صورتحال میں حکومت نے بڑا مالی پیکج دیا ہے، مزدوروں اور محنت کشوں کے لیے 200 ارب روپے مختص کیے ہیں۔عمران خان نے کہا کہ ہمارا مذہب سماجی انصاف کے اصولوں اور لوگوں کے حقوق کے احترام کا درس دیتا ہے، محنت کے لیے احترام، مزدوروں کے حقوق کو تسلیم کرنا ترقی کے عمل کے لیے بہت اہم ہے۔ان کا کہنا ہے کہ حکومت محنت کشوں کے لیے کام کے ماحول اور ان کی زندگی کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے پرعزم ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ ترقی کے ثمرات کو معاشرے کے تمام طبقات کی خوشحالی میں بدلنے کے لیے پرعزم ہیں۔