atta muhammad tabassum

کورونا میں بڑھتی ہوئی بیروزگاری

چند دن پہلے لاڑکانہ میں لاک ڈاؤن اور بیروزگاری سے تنگ آکر سولہ سالہ نوجوان حسنین ملاح نے دو منزلہ عمارت سے کود کر خودکشی کرلی۔ خودکشی کی ایک ایسی ہی واردات کے بعد پنجاب کے وزیراعلیٰ نے متوفی کے خاندان کی امداد اور مرحوم کے خاندان کے ایک فرد کو نوکری دینے کا بھی وعدہ کیا ہے۔ بیروزگاری اور کورونا وائرس کے لاک ڈاؤن سے پریشان اور بدحالی کی حالیہ لہر میں خودکشی کی وارداتیں بڑھ رہی ہیں۔ ملک میں معیشت کا پہیہ جام ہے، کاروبار بند ہیں، فیکٹریاں سونی پڑی ہیں، اور مزدور سڑکوں پر بھیک میں ملنے والی امداد اور امدادی سامان کیلئے سرگرداں ہیں۔ صوبے ہوں یا مرکز کہیں بھی کوئی بھی نہ منصوبہ ہے نہ آگے کی کوئی آگہی۔ کوئی بھی صنعتکار یا تاجر یا کارخانے دار کب تک بغیر کام کے اپنے ملازمین کو تنخواہ دے گا۔ بہت سے تاجروں اور کاروباری اداروں نے اب ملازمین کو یہ کہنا شروع کر دیا ہے کہ اگلے ماہ سے آپ کی چھٹی۔ کچھ صنعتی اور کاروباری اداروں کی جانب سے بغیر تنخواہ کے چھٹی کا مطلب ہے کہ یہ افراد بیروزگار ہو چکے۔ کورونا کے دوران اس بات کا بھی اندازہ ہوچلا ہے کہ بہت سے روایتی کام دھندے اس وبا کے بعد بند ہوجائیں گے۔ بہت سے نئے کام شروع ہوں گے۔ آئی ٹی کے کام میں تیزی آئے گی۔ آن لائن ہونے والے کام زیادہ ہونے لگیں گے۔ جس سے جہاں نئے روزگار کے مواقع ملنے کا امکان ہے، وہاں یہ خدشات بھی ہیں کہ بہت سے لوگ بیروزگار ہوجائیں گے۔ کورونا وائرس کی وجہ سے پیدا ہونے والی صورتحال نے فیکٹریوں کی بندش کی وجہ سے برآمدی آرڈرز کی تکمیل میں رکاوٹیں پیدا کر دی ہیں تو اس کیساتھ ملک میں بیرونی سرمایہ کاری کی آمد بھی رک چکی ہے۔ سوائے روزمرہ اور سبزی و فروٹ کی دکانوں کے ہر کاروبار بند کر دیا گیا ہے۔ پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں رجسٹرڈ لارج اسکیل مینوفیکچرنگ کمپنیوں میں سے 60فیصد سے زائد کمپنیاں اس وقت مکمل بند ہیں اور باقی چالیس فیصد میں جزوی طور پر کام جاری ہے۔ مکمل طور پر بند کمپنیاں آٹو، ٹیکسٹائل، انجینئرنگ، سیمنٹ، کیمیکلز وغیرہ کے شعبوں سے متعلق ہیں۔ حکومتی ادارے بھی لاکھوں افراد کے بیروزگار ہونے کے خدشات کا اظہار کر رہے ہیں۔ پاکستان میں منصوبہ بندی کی وزارت کے ذیلی ادارے پاکستان انسٹیٹیوٹ آف ڈویلپمنٹ اکنامکس نے کورونا وائرس کی وجہ سے معاشی سرگرمیوں پر منفی اثرات کا جائزہ لیتے ہوئے ایک کروڑ سے زائد افراد کے بیروزگار ہونے کے خدشے کا اظہار کیا ہے۔ لیکن یہ ایک اندازہ ہی ہے۔ بدقسمتی سے ہمارے یہاں حکومتی ادارے اعداد وشمار سے محروم ہیں، اور اس بارے میں کوئی سنجیدہ پیش رفت بھی ہوتی نظر نہیں آرہی ہے۔ کورونا سے پہلے جاری کردہ اقوام متحدہ کی ایک رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ دنیا میں 50کروڑ سے زائد افراد بیروزگار ہیں۔ یا وہ جزوقتی ملازمت کر رہے ہیں۔ کورونا کے دوران اور اس کے بعد یہ صورت حال مزید خوفناک ہوگی۔ پوری دنیا میں لاک ڈاؤن نے معاشی سرگرمیوں کو شدید دھچکا پہنچایا ہے۔ بہت سے ممالک حالات کی سنگینی کے باوجود اب صنعتی اور معاشی سرگرمیاں بحال کر رہے ہیں۔ بیروزگاری ایک سنگین مسئلہ ہے، یہ جرائم کی ماں ہے، بھوک، جرائم خودکشی، سماجی بدامنی اور معاشرے کی توڑ پھوڑ سب اس کے بطن سے جنم لیتے ہیں۔ جوں جوں بے روزگاری بڑھ رہی ہے، کام کرنے والے کروڑوں افراد کیلئے بہتر زندگی گزارنا مشکل ہوتا جارہا ہے۔ بہت بڑی تعداد ایسے افراد کی ہے جو کام کرنے کے قابل ہیں اور کام کرنا چاہتے ہیں، لیکن انہیں کام نہیں ملتا۔ پاکستان میں اس وقت بیروزگاری کی شرح79فیصد ہے اور شرح غربت56 فیصد۔ یہ اعداد وشمار کورونا کے لاک ڈاؤن سے پہلے کے ہیں۔ کورونا وائرس کی وجہ سے پیدا ہونے والے معاشی بحران سے لاکھوں افراد کے بیروزگار ہونے کے خدشات کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان کے سابق وزیر خزانہ اور ماہر معیشت ڈاکٹر حفیظ پاشا کا کہنا ہے کہ موجودہ صورتحال کی وجہ سے ملک میں ایک خوفناک معاشی منظر نامہ جنم لے رہا ہے۔ پاکستانی معیشت جو کورونا وائرس کی وبا پھوٹنے سے پہلے بھی خراب تھی اس میں مزید ابتری کورونا وائرس کی وجہ سے آئی ہے۔ ملک کی معاشی ترقی کے اعشاریوں میں تنزلی کی وجہ سے پہلے ہی بیروزگاری کی شرح بلندی کی طرف گامزن تھی اور اس میں مزید اضافہ کورونا وائرس کے نتیجے میں معاشی پہیے کے رک جانے کی وجہ سے ہوا ہے۔ بین الاقوامی مالیاتی اداروں کی جانب سے کردہ اعداد وشمار کے مطابق پاکستان میں جی ڈی پی کی شرح میں اس مالی سال دو سے ڈھائی فیصد رہنے کی توقع ہے۔موجودہ صورتحال میں ہمیں اپنے حالات اور ضرورت کے مطابق ایک ایسا لائحہ عمل مرتب کرنے کی ضرورت ہے، جس سے ہم ملک میں بیروزگاری کے سیلاب کو روکنے میں کامیاب ہوں اور ملک میں دوبارہ سے معاشی اور صنعتی اور تجارتی سرگرمیوں کی بحالی کرسکیں۔ کورونا کی وبا کب ختم ہوگی اور کیسے ہوگی، اس بارے میں کوئی اندازہ نہیں لگایا جاسکتا۔ لیکن عوام کی زندگیوں کو آسان اور سہولت فراہم کرنا بھی ضروری ہے۔

مزید پڑھیں:  سلامتی کونسل کی قراردادکے باوجوداسرائیل کی ہٹ دھرمی