‏کورونا متاثرین کی مدد، اظہر علی کا ٹرپل سنچری بلا بھارتی میوزیم نے خرید لیا

پاکستان ٹیسٹ ٹیم کے کپتان اظہر علی کا واحد ٹرپل سنچری بیٹ اور چیمپئنز ٹرافی شرٹ مجموعی طور پر 22 لاکھ روپے میں نیلام ہوگئی، رقم کورونا وائرس کے متاثرین کی مدد کے لیے خرچ کی جائے گی۔یہ بیٹ اور شرٹ کپتان اظہر علی نے کورونا وائرس کے متاثرین کے لیے نیلامی کے لیے رکھی تھی۔

اظہر علی نے اپنی واحد ٹرپل سنچری جس بلے سے بنائی تھی وہ 10 لاکھ روپے میں نیلام ہوا ہے اور یہ بلا ایک انڈین میوزیم نے نیلامی میں خریدا۔

اظہر علی کی چیمپئنز ٹرافی وننگ شرٹ 11 لاکھ روپے میں نیلام ہوئی اور یہ شرٹ کیلیفورنیا میں رہائش پزیر کاش ویلانی نے خریدی۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے ٹیسٹ کپتان اظہر علی کا کہنا تھا کہ مجموعی طور پر نیلامی کے عمل سے 22 لاکھ روپے اکٹھے ہوئے ہیں جو کورونا وائرس کے متاثرین کی براہ راست مدد اور کھیل سے وابستہ مستحق افراد تک بھی پہنچانے کی کوشش کروں گا۔