خان

پاکستان کرکٹ بورڈ کرکٹرز کے سنٹرل کنٹریکٹ کا اعلان آج کرے گا

لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ کرکٹرز کے سنٹرل کنٹریکٹ کا اعلان آج کرے گا،

چیف ایگزیکٹو پاکستان کرکٹ بورڈ وسیم خان کا کہنا ہے کہ کرکٹرز کے سنٹرل کنٹریکٹ کا اعلان آج کر دیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ہم پلیئرز کو سیکیورٹی دینے کے لیے کنٹریکٹ کا اعلان جلد کر رہے ہیں۔ چیف سلیکٹر مصباح الحق منگل فہرست جمع کرائیں گے تو چیئرمین پی سی بی اس کی منظوری دیں گے۔

وسیم خان کا کہنا تھا کہ تینوں فارمیٹ کھیلنے والے کھلاڑیوں کو کنٹریکٹ میں ترجیح دی جائے گی اور بورڈ اس بار کھلاڑیوں کےمعاوضہ اضافہ کے بارے میں  بھی سوچ رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ سنٹرل کنٹریکٹ میں اے بی اور سی تینوں کیٹگریز ہوں گی۔ کوشش ہوگی سنٹرل کنٹریکٹ میں 19 سے 20 کھلاڑیوں کو شامل کریں تاہم ابھی تک قومی کرکٹرز کی کیٹگریز سے متعلق کوئی فیصلہ نہیں ہوا ہے۔

مزید پڑھیں:  پاکستان اور نیوزی لینڈ کے مابین پہلا ٹی 20 بارش کی نذر

وسیم خان نے دورہ انگلینڈ سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ دورے کے لیے کھلاڑیوں اور آفیشلز کی صحت اور حفاظت اولین ترجیح ہے، صحت اور حفاظت پر سمجھوتہ نہ کرکے ہی سیریز پربات ہوگی۔

ان کا کہنا تھا کہ اس وقت  انگلینڈ کےحالات ٹھیک نہیں، 15 مئی کو ای سی بی سے تفصیلی بات چیت ہوگی، ٹیلی کانفرنس میں دورہ انگلینڈ سے متعلق کوئی فیصلہ نہیں ہوگا ۔

انہوں نے کہا کہ اگلے تین چار ہفتے صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا، سیریز میں ٹیسٹ میچز کوبڑھانےسے متعلق ابھی تبادلہ خیال ہونا ہے، جبکہ انگلینڈ کے جوابی دورے سے متعلق یہ مناسب وقت نہیں ہے۔

وسیم خان کا مزید کہناتھا کہ پی سی بی کی اگلے مالی سال کے لیے پوزیشن مستحکم ہے، اس کے بعد کرکٹ نہ ہوئی تو مسائل ہوں گے۔

مزید پڑھیں:  ٹی 20 سیریز، پاکستان اور نیوزی لینڈ کے مابین آج پہلا ٹاکرا ہوگا

چیف ایگزیکٹو نے کہا کہ بدھ کو کرکٹ کمیٹی کا اجلاس ہوگا جس میں ڈیپارٹمنٹل کرکٹ کی بحالی پر تبادلہ خیال کیا جائے گا ۔

انہوں نے کہا کہ سابق کھلاڑیوں کا موجودہ کھلاڑیوں کو آن لائن لیکچرز کا تجربہ زبردست رہا جو کہ جاری رکھیں گے، اس کے علاوہ ڈومیسٹک کرکٹ سیزن کے لیے حکمت عملی بنانے کا آغاز کیا گیاہے۔

وسیم خان  نے بتایا کہ ہم نے ڈومیسٹک کرکٹ کے لیے بجٹ بنا لیا ہے اب اسپانسرز درکار ہیں،مزید ایک سال کے لیے ہم ڈومیسٹک کرکٹ پر خرچ کر سکتے ہیں، آئندہ سیزن کیلئے مشکل ہوگی ۔

انہوں نے کہا کہ عالمی وبا  کے باعث اسپانسرز کے حصول میں مشکلات ہیں، کوویڈ۔19 کی وجہ سے سیزن کے التواء کے حوالے سےپلان بنا رہے ہیں۔