download 14

ایلیٹ فورس پولیس فورس کا ہراول دستہ ہے – انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا

نوشہرہ: انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا ڈاکٹر ثناءاللہ عباسی نے کہا ہے کہ ایلیٹ فورس، پولیس فورس کے لیے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے جس کے جانبازوں نے ملک کے اندرونی دفاع کے لیے محنت ، جانثاری اور فرض شناسی کی اعلیٰ روایات قائم کی ہیں۔

یہ بات اُنہوں نے آج ایلیٹ پولیس ٹریننگ سنٹرحکیم آباد نوشہرہ میں ایلیٹ فورس کے جوانوں میں احسن کارکردگی پربطور مہمان خصوصی انعامات تقسیم کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ ایلیٹ فورس نے مختصر مدت میں دہشتگردی کی روک تھام اور شرپسندوں کی سرکوبی کے لیے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا رہے ہیں۔اور اسکی مختصرتاریخ جانثاری اور جذبہ قربانی کی اعلیٰ ترین مثالوں سے بھری پڑی ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ پچھلے چند سالوں سے پورے ملک اور بالخصوص صوبہ خیبر پختونخواکو دہشتگردی جیسے چیلنجوں کا سامنا ہے جس سے نبردآزما ہونے کے لیے ایلیٹ فورس کے جانباز وں نے اپنی قیمتی جانوں کے نذرانے پیش کرکے ان چیلنجوں کا بہادری سے مقابلہ کیا اور اپنے صوبے کو ان شرپسندوں سے خاطر خواہ حد تک پاک رکھا ۔ انہوں نے کہا کہ ایلیٹ فورس ہماری پولیس فورس کا ہراول دستہ ہے اور دہشت گردی کی روک تھام اور امن و امان کے قیام کے لیے ان کی خدمات ان کی بہترین تربیت اور شجاعت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

مزید پڑھیں:  حکومت کا ججز کے خط پر انکوائری کمیشن بنانے کا اعلان

آئی جی پی نے پاک فوج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کی قربانیوں کی بدولت ہم دہشت گردی جیسے ناسور کا قلع قمع کرنے میں کامیاب ہوئے۔انہوں نے کہا کہ فاٹا انضمام جیسی عظیم کامیابی انہی اداروں بشمول سپریم کورٹ آف پاکستان اور پاکستانی عوام کی مرہون منت ہے۔ چنانچہ ہم دیکھتے ہیں کہ لیویز اور خاصہ دار فورس کا خیبر پختونخوا پولیس کا حصہ بن جانا ممکن ہو سکا۔ تقریباً دس ہزار سپیشل فورس کو ریگولرائزڈ کیا گیا جبکہ ایس ایچ اوز کو ڈی ڈی اوز کے اختیارات تفویض کردیئے گئے۔ جو شفاف پولیسنگ کی جانب ایک اہم قدم ہے۔اس کے علاوہ 126شہداءکے بچوں کو پولیس میں بطو ر ASIجبکہ 575دوران ملازمت فوت ہونے والے پولیس اہلکاورں کے بچوں کو مختص کوٹہ پر بھرتی کیا گیا۔ انہوں نے کورونا کا ذکر کرتے ہوئے اس اُمید کا اظہار کیا کہ جیسے دہشت گردی کا ناسور جڑ سے اُکھاڑ پھینکا اسی طرح بہت جلد کورونا وباءکو بھی شکست دینے میں کامیاب ہو جائیں گے۔

مزید پڑھیں:  بشریٰ بی بی جیل کی بجائے بیڈ روم میں سزا کاٹ رہی ہیں، عظمی بخاری

آخر میں آئی جی پی نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے ایلیٹ فورس کے جوانوں کو نقد انعامات اور توصیفی اسناد سے نوازا، کمانڈنٹ ایلیٹ فورس محمد سعید وزیر بھی اس موقع پر موجود تھے۔