کورونا کی وجہ سے پی ٹی آئی کی رکن اسمبلی شاہین رضاانتقال کرگئیں

پاکستان تحریک انصاف کی رکن پنجاب اسمبلی شاہین رضا کورونا کا شکار ہوکر انتقال کر گئیں  ہیں۔

تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی رکن پنجاب اسمبلی شاہین رضا کرونا وائرس سے جاں بحق ہوگئیں۔شاہین رضا کی 4 روز قبل طبعیت ناساز ہونے پر انہیں علاج کے لیے ڈی ایچ کیو منتقل کیا گیا جہاں وہ وینٹی لیٹر پر تھیں جس کے بعد انہیں لاہور منتقل کہا گیا جہاں وہ دم توڑ گئیں۔ محکمہ صحت پنجاب کا کہنا ہے کہ مرحومہ کی میت ضروری کارروائی کے بعد گوجرانوالہ منتقل کی جائے گی۔ اور ان کی تدفین آبائی قبرستان میں کل دوپہر 12 بجے کی جائے گی۔ واضح رہے کہ شاہین رضا گوجرانوالہ ضلع سے پی ٹی آئی کی واحد رکن پنجاب اسمبلی تھیں ، اب تک متعدد اراکین اسمبلی میں کورونا وائرس کی تصدیق ہو چکی ہے لیکن شاہین رضا کورونا وائرس سے انتقال کرنے والی پاکستان کی پہلی رکن اسمبلی ہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کرونا سے جاں بحق رکن پنجاب اسمبلی شاہین رضا کے انتقال پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ شاہین رضا پارٹی کا قابل قدر اثاثہ تھیں،شاہین رضا مرحومہ کی پارٹی کے لیے خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔