ارطغرل کی پاکستانیوں کو عیدالفطر کی مبارکباد

ملک بھر میں عید پورے جوش و خروش اور مذہبی احترام کے ساتھ منائی جا رہی ہے شوبز فنکاروں کے ساتھ ساتھ معروف شخصیات بھی سوشل میڈیا پر مداحوں کو عید کی مبارکباد دے رہی ہیں۔
اسی طرح ترکی کے شہرہ آفاق ڈرامے ‘ارطغرل غازی’ کے مرکزی کردار اداکار انجن التن نے اپنے پاکستانی مداحوں سے محبت کا اظہار کرتے ہوئے عیدالفطر کے پُر مسرت موقع پر خصوصی مبارکباد پیش کی ہے۔

اپنے ویڈیو پیغام میں ان کا کہنا ہے کہ ‘اسلام علیکم بہن بھائیوں! میرے پاس آپ سب کی ناقابل یقین محبت اور پذیرائی کا شکریہ ادا کرنے کیلئے الفاظ نہیں ہیں جو آپ پی ٹی وی کے ‘ارطغل غازی’ اردو کو دے رہے ہیں’۔

انہوں نے مزید کہا کہ میں پی ٹی وی کا بھی شکریہ ادا کرتا ہوں جس نے ‘ارطغرل غازی’ کو آپ تک پہنچایا۔ویڈیو کے اختتام میں ‘ارطغرل’ نے کہا کہ سلامت رہو بہنوں اور بھائیوں! سلامت رہو پاکستان۔

واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان کی خواہش پر پاکستان میں اردو ڈبنگ کے ساتھ نشر ہونے والے تاریخ پر مبنی ترک ڈرامے ’ارطغرل غازی‘ نے پاکستانی مداحوں کو اپنا اسیر کر لیا ہے اور پاکستان میں اس ڈارمے کی مقبولیت نے ترکی کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے۔