19942359441590380469

وینٹی لیٹرز سینیٹاٹزرز ماسک اور حفاظتی آلات کی تیاری کی پاکستان بھرپور صلاحیت رکھتا ہے

این ڈی ایم اے کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل نے کہا ہے کہ پاکستان کورونا وائرس کی وباء سے موثر طور پر نمٹنے کیلئے وینٹی لیٹرز سینیٹاٹزرز ماسک اور حفاظتی آلات کی تیاری کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔ ایک نجی نیوز چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے صوبائی اور وفاقی حکومت کے زیر انتظام ہسپتالوں میں کام کرنے والے طبی عملے لیبارٹری ٹیکنیشن اور پتھالوجی کے ماہرین کی خدمات کو سراہا۔ انہوں نے کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کے تشخیصی ٹیسٹ کی استعدادکار میں اضافے پر لیبارٹریوں اور ہسپتالوں کے کردار کی تعریف کی۔ چیئرمین نے کہا کہ ملک بھر میں تمام لوگوں کے ٹیسٹ کی کوئی ضرورت نہیں اور صرف متاثرہ افراد کو کورونا وائرس کے تشخیصی ٹیسٹ کیلئے ہسپتال لایا جائے۔کورونا وائرس کے پھیلائو کی روک تھام سے متعلق مطلوبہ آلات کی دستیابی کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس کورونا وائرس کے مریضوں کیلئے ٹیسٹنگ کٹس سمیت دیگر آلات مناسب مقدار میں موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومتیں ضرورت پڑنے پر مطلوبہ سامان کے حصول کیلئے ادارے سے رجوع کر سکتی ہیں۔ملک میں کورونا وائرس کی وباء کے خاتمے کیلئے درکار مدت سے متعلق انہوں نے کہا کہ وافر مالیاتی اور طبی وسائل کے حامل ترقی یافتہ ممالک بھی اس مرض کے خلاف بدستور نبرد آزما ہیں۔

مزید پڑھیں:  حقوق نہ ملے توچھیننابھی جانتے ہیں،وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا