انسداد پولیو مہم آج سے شروع

29اضلاع میں انسداد پولیو مہم آج سے شروع ہوگی

خیبر پختونخوا کے 29 اضلاع میں آج پیر کے روز سے انسداد پولیو مہم شروع کرنے کی منصوبہ بندی کر لی گئی ہے۔ اس سلسلے میں پانچ سال سے کم عمر کے 62 لاکھ سے زائد بچوں تک رسائی کا ہدف مقرر کردیا گیا ہے جبکہ پولیو ورکرز کی سکیورٹی کیلئے 43ہزار سے زائد اہلکار بھی تعینات کردیئے گئے ہیں۔ اس حوالہ سے ایمرجنسی آپریشن سنٹر کی جانب سے جاری تفصیل کے مطابق مذکورہ اضلاع میں ویکسین کی سپلائی کا سلسلہ مکمل اور پولیو ورکرز کے ساتھ انسدادی مہم کا پلان شیئر کردیا گیا ہے اس مہم کے دوران پہلے تین روز بچوں کو پولیو کے قطرے پلائیں جائیں گے جبکہ ان تین دنوں کے دوران گھروں سے باہر یا کسی وجہ سے پولیو کے قطرے نہ لینے والے بچوں کو ویکسی نیٹ کیا جائے گا۔ مجموعی طور پر پانچ سال سے کم عمر کے 62 لاکھ24 ہزار792 بچوں کو پولیو سے بچائو کے قطرے پلانے کا ہدف ہوگا اور30 ہزار822 ٹیمیں ہوں گی جن میں 27ہزار 610 موبائل ٹیمیں،1 ہزار909 فکسڈ ٹیمیں، 1ہزار155 ٹرانزٹ ٹیمیں اور 148 رومنگ ٹیمیں شامل ہیں۔ ایمرجنسی آپریشن سنٹر کے ترجمان کے مطابق پولیس اور سکیورٹی ادارو ں کے 43ہزار سے زائد اہلکار بھی پولیو ورکرز کے ساتھ ڈیوٹی پر تعینات کئے جائیں گے۔

مزید پڑھیں:  پشاور، سنگین مقدمات میں ملوث ملزم اسفندیار قتل، لواحقین کا احتجاج